Live Updates

حکمرانوں نے بھیک مانگ مانگ کر ہر پاکستانی کو مقروض کر دیا، ملک میں انصاف کا نہیں صرف ظلم کا نظام ہے،بڑی تحریک کی تیاری کر رہے ہیں جو ہمیں عظیم قوم بنائے گی،وزیراعظم ملک کے کرپٹ ترین آدمی ہیں، 3 سال میں صرف 470روپے ٹیکس ادا کیا، وزیر اعظم نے صوبوں سے مشاورت بغیر کسان پیکج کا اعلان کر دیا ، مجھے وزیراعظم بننے کا شوق نہیں،وزیراعظم نے ہماری باتوں کا جواب دینے کیلئے چار پانچ چمچے رکھے ہوئے ہیں،میاں صاحب جو کہنا ہے خود سامنے آ کر کہو، سیالکوٹ کے رنگ بازوں سے نہ کہلواؤ،تحریک انصاف لاہور کا ضمنی الیکشن جیتے گی، اوکاڑہ میں تگڑا مقابلہ ہو گا

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا حلقہ این اے 144 کے انتخابی جلسہ سے خطاب

بدھ 7 اکتوبر 2015 22:53

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے بھیک مانگ مانگ کر ہر پاکستانی کو مقروض کر دیا، ملک میں انصاف کا نہیں بلکہ صرف ظلم کا نظام ہے،بڑی تحریک کی تیاری کر رہے ہیں جو ہمیں عظیم قوم بنائے گی،وزیراعظم نواز شریف ملک کے کرپٹ ترین آدمی ہیں، نواز شریف نے 3 سال میں صرف 470روپے ٹیکس ادا کیا،وزیراعظم بھکاریوں کی طرح آئی ایم ایف سے قرضے مانگ مانگ کر ہر پاکستانی کو مقروض بنا دیا، وزیر اعظم نے صوبوں سے مشاورت کئے بغیر کسان پیکج کا اعلان کر دیا جبکہ سندھ ،بلوچستان اور کے پی کے کے پاس کھادوں پر سبسڈی دینے کے پیسے نہیں، مجھے وزیراعظم بننے کا شوق نہیں،وزیراعظم نے ہماری باتوں کا جواب دینے کیلئے چار پانچ چمچے رکھے ہوئے ہیں،میاں صاحب جو کہنا ہے خود سامنے آ کر کہو، سیالکوٹ کے رنگ بازوں سے نہ کہلواؤ، عوام نے مجھے بہت عزت دی، ملک میں امیر اورغریب کیلئے الگ الگ نظام ہے،قوم کو 150ارب سے میٹرو بس کی ضرورت تھی یاسکولوں کی؟،تحریک انصاف لاہور کا ضمنی الیکشن جیتے گی، اوکاڑہ میں تگڑا مقابلہ ہو گا۔

(جاری ہے)

بدھ کو اوکاڑہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 144سے ضمنی انتخابات کیلئے منعقدہ جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں شاندار استقبال کرنے پر اوکاڑہ کی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میری سب سے بڑا کامیابی یہ ہے کہ میں نے پاکستانی قوم کو شعور، نئی سوچ اور حوصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کتنے وزیراعظم آئے اور چلے گئے،میں وزیراعظم نہ بھی بنوں تو کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ مجھے عوام نے بہت عزت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک عالم نے کہا تھا کہ قوم جب انصاف کیلئے جدوجہد کرتی ہے تو وہ اوپر چلی جاتی ہے اور جب انصاف کیلئے کھڑی نہیں ہوتی تو وہ نیچے آ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستانی قوم انصاف اور حقوق کیلئے جدوجہد کرے گی تو وہ ایک عظیم قوم بن جائے گی، حضرت علیؑ کا قول ہے کہ کفر کا نظام چل جائے گامگر ظلم و ناانصافی کا نظام نہیں چل سکتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف بھکاریوں کی طرح آئی ایم ایف سے قرضے مانگ رہے ہیں، اس وقت ہر پاکستانی ایک لاکھ ایک ہزار روپے کا مقروض ہو چکا ہے، پرانے قرضے ختم کرنے کیلئے نئے قرضے لئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف ملک کے کرپٹ ترین آدمی ہیں،انہوں نے منی لانڈرنگ کی،قوم کو 150ارب روپے کی میٹروبس کی ضرورت تھی یا سکولوں کی؟37ارب روپے نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کا منصوبہ 100 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10کروڑ لوگ دو وقت کی روٹی سے محروم ہیں، ڈیزل پر 50فیصد جی ایس ٹی لگا دیا گیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جتنی مہنگائی کی اتنی آج تک کسی بھی حکومت نے نہیں کی، موجودہ حکومت سے آصف زرداری کی حکومت بہتر تھی، نواز شریف کا بیٹا حسین شریف 700کروڑ روپے کے گھر میں رہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف حافظ آباد میں تحریک انصاف کے کسان کنونشن سے خوفزدہ ہو گئے اور خوف کے ڈر سے کسان پیکج کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ کسان پیکج میں جن 14نکات کا اعلان کیا گیاان میں سے 9کا پہلے ہی بجٹ میں اعلان کیا جا چکا تھا،وزیراعظم نے صوبوں سے مشاورت کئے بغیر کسان پیکج کا اعلان کیا، سندھ ،بلوچستان و خیبرپختونخوا کے پاس تو کھادوں پر سبسڈی دینے کے بھی پیسے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں کسانوں کو بھارت کے مقابلے میں مہنگی بجلی دی جا رہی ہے، بھارت میں کسانوں کو ٹیوب ویل کیلئے 97پیسے فی یونٹ بجلی دی جاتی ہے جبکہ یہاں ساڑھے10روپے فی یونٹ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں اور کسانوں کو انصاف نہیں مل رہا، پاکستان اور یورپ میں یہی فرق ہے کہ یورپ میں لوگوں کو انصاف ملتا ہے اور ان کے حقوق محفوظ ہیں ، مگر ہمارے ہاں ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امیروں کے بچے انگلش میڈیم سکولوں میں پڑھتے ہیں جبکہ غریبوں کے بچے اردو میڈیم سکولوں میں پڑھتے ہیں، شہباز شریف دانش سکولز بنا رہے ہیں اگر نہ بناتے تو اس سے 21ہزار سکولوں کی دیواریں تعمیر کی جا سکتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اوکاڑہ میں اشرف سوہنا یا اپنے کیلئے نہیں آیا بلکہ ایک بڑی تحریک کیلئے آیا ہوں جو قوم کو عظیم قوم بنا دے گی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ہماری باتوں کا جواب دینے کیلئے چار پانچ چمچے رکھے ہوئے ہیں، میں کہتا ہوں کہ میاں صاحب جو کہنا ہے خود سامنے آ کر کہو، سیالکوٹ کے رنگ بازوں سے نہ کہلواؤ۔

انہوں نے کہا کہ3الیکشن ٹربیونلز کا فیصلہ ہمارے حق میں آیا ہے، جس سے ثابت ہو گیا کہ یہ حکومت دھاندلی سے برسراقتدار میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے نندی پور منصوبے کیلئے اشتہاری مہم چلائی مگر یہ منصوبہ پانچ دن چلنے کے بعد بند ہو گیا۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے خیبرپختونخوامیں تبدیلی لائی ہے اور وہاں کی پولیس اب سیاست سے مکمل طور پر بالاتر ہے، وہاں کسی میں بھی ہمت نہیں کہ کسی کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کروائے، خیبرپختونخوا میں 5ہزار پولیس اہلکاروں کو نکال کر ان کا احتساب کیا گیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نظام کے ذریعے اقتدار نچلی سطح پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کی پولیس میں گلو بٹ بھرتی کئے گئے ہیں، پنجاب میں پولیس کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، ہمیں پتہ ہے کہ پنجاب میں انتظامیہ اور الیکشن کمیشن نواز شریف کا ہے مگر اس کے باوجود ہم لاہور کے ضمنی الیکشن جیتیں گے اور اوکاڑہ میں تگڑا مقابلہ ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ کپتان نے کبھی بھی ہار نہیں مانی اور آخری گیند تک مقابلہ کیا،11اکتوبر کو عوام میرے اور اشرف سوہنا کیلئے نہ نکلیں بلکہ پاکستان کیلئے باہر نکلیں اور تحریک انصاف کو ووٹ دیں

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات