محتسب پنجاب نے زائد المعیاد ٹیکوں کے استعمال اور زی آباد ہسپتال فعال نہ ہونے کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری صحت پنجاب سے 15روز میں رپورٹ طلب کرلی

بدھ 7 اکتوبر 2015 22:36

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء ) محتسب پنجاب جاوید محمود نے ہسپتالوں میں ٹیٹنس کے زائد المعیاد ٹیکے لگانے،مارکیٹ اورہسپتالوں میں ٹیٹنس کے ٹیکوں کی عدم دستیابی اور10کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیرہونے والاغازی آباد ہسپتال فعال نہ ہونے کی خبروں پر نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری صحت پنجاب سے 15روز کے اندر رپورٹ طلب کرلی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب میں ٹیٹنس کے ٹیکے دستیاب نہیں ہیں جبکہ پرائیویٹ اورسرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو زائدالمعیاد ٹیکے لگائے جارہے ہیں ۔

مارکیٹ میں ٹیٹنس کے ٹیکوں کی مصنوعی قلت اورمہنگے داموں فروخت پر محکمہ صحت اورڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی خاموشی سے ظاہر ہے کہ سب کچھ دونوں اداروں کی ملی بھگ سے ہورہا ہے ۔دریں اثناء محتسب پنجاب جاوید محمود نے 10کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والاغازی آباد ہسپتال مکمل فعال نہ ہونے کابھی نوٹس لے لیا ہے اورسیکرٹری صحت اورای ڈی او ہیلتھ لاہور کو اس ضمن میں 15روزکے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق غازی آباد میں 2009میں 20بستروں پر مشتمل ہسپتال کا آغازکیا گیا تھا جو10کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوچکاہے لیکن ہسپتال میں صرف آؤٹ ڈور میں جنرل پریکٹیشنر کے ڈاکٹرز دستیاب ہیں جبکہ ہسپتال کی ایمرجنسی کو بھی مکمل طورپر فعال نہیں کیا گیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آپریشن تھیٹر ،تشخیصی ٹیسٹ اوران ڈوروارڈز میں مریضوں کا داخلہ شروع نہیں ہوسکانہ ہی ہسپتال میں ایکسرے مشین، طبی آلات اورمشینری فراہم کی گئی ہے ۔ محتسب پنجاب نے ٹیٹنس کے ٹیکوں کی عدم دستیابی ،زائد المعیاد ٹیکے مریضوں کو لگانے اورغازی آباد ہسپتال فعال نہ ہونے کا نوٹس لے کرسیکریٹری صحت پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس ضمن میں 15روز کے اندر رپورٹ پیش کریں۔

متعلقہ عنوان :