حسن ابدال، عوامی شکایات پر محکمہ ہیلتھ کا جعلی شہد تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ، ملزمان موقع سے فرار مکان سیل

بدھ 7 اکتوبر 2015 22:20

حسن ابدال ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) عوامی شکایات پر محکمہ ہیلتھ کا جعلی شہد تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ، ملزمان موقع سے فرار مکان سیل کر دیا گیا۔ چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں شہد کی تیار بوتلیں، چینی ، گلاب کی پتیاں ، پھٹکڑی اور دیگر اشیاء برآمد، کاروائی پر اہل علاقہ کا خراج تحسین۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ انسپکٹر رانا عبد اﷲ، سینٹری انسپکٹر طاہر اور حافظ محمد انور نے پارٹی کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے خواجہ نگر حسن ابدال میں جعلی شہد تیار کرنے والی منی فیکٹری پر چھاپ مار کر شہد کی تیار بوتلیں، شہد کے چھتے ، چینی، گلاب کی پتیاں، پھٹکڑی اور دیگر کیمیکل قبضہ میں لے لیا جبکہ دوران کاروائی ملزمان جن میں اکبر ، رفیع اﷲ اور لطیف اﷲ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے مذکورہ ملزمان کئی سالوں سے جعلی شہد کا دھندہ کر رہے تھے جنہوں نے شہد کی فروخت کے لیے متعدد افراد رکھے ہوئے تھے جو مذکورہ شہد کو راولپنڈی ، ٹیکسلا ، اسلام آباد ، اٹک ، ہری پور اور دیگر شہروں میں لے جاکر فروخت کرتے تھے۔

(جاری ہے)

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ماہر کاریگر شہد کا چھتہ بھی تیار کر لیتے تھے جس کو مذکورہ افراد خالص شہد قرار دے کر گاہکوں سے منہ مانگی قیمت وصول کرتے تھے ۔ اس سلسلے میں تھانہ سٹی حسن ابدال پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔