محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے مربوط اور موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں گے ،زاہدسعید

محرم کے دوران ڈویژن کے چاروں اضلاع میں منعقد ہونیوالی مجالس ،عزاداری جلوسوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے، کمشنر راولپنڈی

بدھ 7 اکتوبر 2015 22:16

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن زاہدسعید نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے مربوط اور موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ محرم کے دوران ڈویژن کے چاروں اضلاع میں منعقد ہونے والی مجالس اور عزاداری جلوسوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے حکومتی ہدایات کی روشنی میں جامع منصوبہ بندی کر لی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ محرم کے مقدس مہینے میں بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور امن و آشتی کی فضاء یقینی بنانے میں تمام مکاتب فکر کے علماء، ذاکرین، تاجر برادری، معاشرے کے دیگر تمام طبقات اور میڈیا اپنا تعاون فراہم کرے۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے راولپنڈی اسلام آباد کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے بیورو چیفس اور نمائندوں کو خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

ریجنل پولیس آفیسر طارق فخر سلطان راجہ اور اے سی جی کمشنر آفس طارق سلام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ کمشنرراولپنڈی زاہد سعید اور آر پی او فخر سلطان راجہ نے میڈیا کے نمائندوں کو محرم الحرام کے دوران امن و امان اور بھائی چارے کی فضاء قائم رکھنے کیلئے مرتب کی گئی حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے حوالے سے ملٹی میڈیا پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ یکم محرم سے دس محرم تک ڈویژن کے اضلاع راولپنڈی ، جہلم ، اٹک اور چکوال میں لائسنس یافتہ اور روایتی کل538 عزاداری جلوس اور 3813 مجالس منعقد ہونگی جبکہ یکم تا 30 محرم ڈویژن میں کل741 عزاداری جلوس اور 4064 مجالس منعقد ہونگی اور ان سب کو موثر سیکیورٹی کور فراہم کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔

کمشنر نے کہاکہ راولپنڈی میں ساتویں اور دسویں محرم کو تین بڑے عزاداری جلوس منعقد ہوتے ہیں جبکہ ضلع اٹک میں آٹھویں اور دسویں محرم کو کل چار بڑے ماتمی جلوس، ضلع چکوال میں ساتویں اور آٹھویں محرم کو دو بڑے عزاداری جلوس منعقد ہوتے ہیں ۔ زاہد سعید نے مزید بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن کے چاروں اضلاع میں تمام مکاتب فکر کے کل 1107 مدارس موجود ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے اسلحہ کی نمائش پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا جبکہ لاؤڈ سپیکر کے استعمال، وال چاکنگ، فرقہ ورانہ منافرت پر مبنی تحریری و آڈیو ویڈیو مواد رکھنے کے حوالے سے خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے تحت ایکشن لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ نویں اور دسویں محرم کو اگر ضرورت پڑی تو ڈبل سواری اور موبائل سروس کی بندش بھی کی جاسکتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ محرم کے دوران بڑے عزاداری جلوسوں کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی جبکہ جلوسوں اور مجالس کیلئے ایک ہی انٹری اور ایگزٹ پوائنٹ ہوگا جہاں منتظمین ، رضاکاروں اور پولیس کے ڈیوٹی پر متعین اہلکاروں کے ذریعے باڈی سرچ اور سکیننگ کی جائے گی ۔ کمشنر نے کہا کہ تھانے کی سطح سے لے کر تحصیل ، ضلع اور ڈویژن کی سطح پر انتظامیہ اور پولیس کے کنٹرول رومز قائم کر کے محرم کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کو ہر لحاظ سے مربوط بنایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس کے اطراف میں موجود عمارتوں کی چھتوں پر کسی کو چڑھنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ جلوس کے راستے میں آنے والی دائیں بائیں کی گلیوں کے انٹری پوائنٹس کو بھی بند رکھا جائے گا اور ان گلیوں کی طرف سے کسی کو بھی جلوس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ آر پی او راولپنڈی فخر سلطان راجہ نے کہاکہ محرم کے دوران بالخصوص نویں اور دسویں محرم کو امن و امان اور سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے پولیس ، رینجرز، فوج اور رضاکاروں کو تعینات کیا جائے گا اور تقریبا 14 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار ضلع راولپنڈی میں جلوسوں کے روٹس اور دیگر سیکیورٹی پوائنٹس پر ڈیوٹی دیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے انٹر ی پوائنٹس پر سخت چیکنگ یقینی بنانے کے علاوہ راولپنڈی سمیت تمام اضلا ع میں سخت نگرانی ، پٹرولنگ اور رینڈم چیکنگ بھی کی جائے گی ۔ فخر سلطان راجہ نے کہاکہ ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کیلئے کھانا پہنچانے اور دیگر ضروریات کا بھی خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ تھانہ سطح سے لے کر ڈویژن کی سطح تک امن کمیٹیوں کے ارکان کی تجاویزکی روشنی میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور تحفظ عامہ کے انتظامات یقینی بنائے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ میڈیا کو ضروری معلومات فراہم کرنے کیلئے ان کے دفتر میں کنٹرول روم بنایا جائے گا ۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی حوالے سے معلومات حاصل کرنے کیلئے ان سے یا ان کے دفتر میں قائم ہونے والے کنٹرول روم سے رابطہ کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا بھائی چارے، امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کی فضاء یقینی بنانے میں اپنا ممکنہ کردار ادا کرے۔کمشنر راولپنڈی زاہد سعید اور آر پی او راولپنڈی فخر سلطان راجہ نے تعاون فراہم کرنے پر میڈیا کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :