دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر خصوصی توجہ دی جائے ،مرمت طلب پمپس کی مرمت کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے،سید ناصر حسین شاہ

بدھ 7 اکتوبر 2015 22:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات پر محرم الحرام کی آمد سے قبل پانی کی فراہمی کو ممکن بنانے اور دھابیجی سے فراہمی آب کی روانی برقرار رکھنے کے سلسلے میں ایم ڈی داٹربورڈ مصباح الدین فرید نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن اور چیلیہ کا ہنگامی دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی تمام تنصیبات کا تفصیلی معائنہ کیا اور پمپنگ سسٹم کے بارے میں ضروری ہدایات دیں،اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر خصوصی توجہ دی جائے ،مرمت طلب پمپس کی مرمت کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے اور تمام معاملات کو اس طرح حکمت عملی سے طے کر لیاجائے تاکہ عام دنوں کے علاوہ محرم الحرام کے موقع پر بھی پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی روانی کے ساتھ برقرار رہے کیونکہ اب دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کیبلز فالٹ سے پانی کی فراہمی معطل نہیں ہورہی لہٰذا بہتری نظر آنی چاہئے ، انہوں نے کہا کہ اس پمپنگ اسٹیشن کو ہر لحاظ سے تمام ضروری سہولتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ تمام پمپنگ اسٹیشنز کی استعداد کار بڑھائی جائے اور مو ثر اقدامات کئے جائیں تاکہ شہر کے ہر علاقہ میں پانی فراہم ہو سکے، انہوں نے چیلیہ کے مقام پر قائم کی جانے والی واٹر بورڈ کی لیبارٹری کا بھی معائنہ کیا ، انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پانی کا معائنہ کرنا اور پانی کو جراثیم سے پاک صاف شفاف رکھنا اور اقدامات EPAکی ذمہ داری میں شامل ہے تاہم واٹربورڈ افسران 24گھنٹے K.B فیڈر اور کینجھر جھیل سے آنے والے پانی کے نمونے حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں اور ان کی ٹیسٹنگ باقاعدگی سے وقفہ وقفہ سے کی جائے تاکہ اگر کسی بھی وقت پانی میں Toxicٰٓ یا کسی بھی قسم کے زہریلے مادہ کی آمیزش کا پتا چلے تو اس کا فوری تدارک کیا جاسکے انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ EPAکی نشاندہی کرنے پر شکایات کا فوری تدارک کیا جائے اور تمام متعلقہ افسران کو بھی اس سلسلہ میں آگاہ کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے ، انہوں نے کہاکہ واٹر بورڈ کے افسران اور اسٹاف محنت اور توجہ سے اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے رہا ہے تاہم شفا ف پانی کی فراہمی کے لئے مزید سخت مانیٹرنگ کی اشد ضرورت ہے ، ایم ڈی اٹر بورڈ نے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا ،افسران کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار کو تیز کیاجائے ، انہوں نے کہا کہ پانی کی فلٹریشن ، فلٹر پلانٹس کی مشینری کی کارکردگی ، پانی کی فلٹریشن کے عمل اور پانی میں کلورینیشن کی مقدار کو بر قرار رکھا جائے اور کلورینیشن کے عمل کو WHOکے معیار کے مطابق یقینی بنایا جائے تاکہ کراچی کے شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے تحت پانی فراہم کیا جاسکے ،انہوں نے کہا کہ رائزنگ مین اور دیگر بلک فراہمی آب کی تنصیبات کی کڑی نگرانی کرکے انہیں درست حالت میں رکھا جائے محرم الحرام کے حوالے سے قبل از وقت اقدامات بھی کر لئے جائیں ۔