Live Updates

جماعت اسلامی کا این اے122اور پی پی147میں تحریک انصاف کے اُمیدواروں کے اعزاز میں استقبالیہ

11اکتوبر نواز لیگ کی دھاندلی بے نقاب کرنے کا دن ہے ،ہر شہری باہر نکلے ‘پی ٹی آئی کے شعیب صدیقی کا اظہار تشکر

بدھ 7 اکتوبر 2015 22:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء ) جماعت اسلامی پی پی147کے امیر ڈاکٹر محمد اشرف کی قیادت میں مصطفے آباد میں این اے122سے تحریک انصاف کے اُمیدوار قومی اسمبلی عبدالعلیم خان اور پی پی147سے محمد شعیب صدیقی کے اعزاز میں استقبالیے کا اہتمام کیا گیا ۔جہاں یونین کونسل 186کے صدر میاں طاہر عزیز ،پی پی147کے سیکریٹری جنرل محمد آصف ،وائس چئیر مین یوسی186کے اُمیدوار سعید کمال اور جماعت اسلامی کے اہم رہنما چوہدری ذوالفقار علی ،احسن ظہر بٹ ، حاجی محمد بلال کے علاوہ تحریک انصاف کے یوسی 186سے چئیر مین کے اُمیدوار بہادر علی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے این اے122اور پی پی147سے حما عت اسلامی کی طرف سے تحریک انصاف کی بھر پور حمائیت کے فیصلے کی تائید کی اور اکھٹے انتخابی مہم چلانے کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

یہ امر قابل ذکر ہے کہ یونین کونسل186سے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی پہلے ہی بلدیاتی پینل میں اشتراک کر چُکے ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں گے اور پارٹی قیادت کے فیصلے کے مطابق 11اکتوبر کو بلے کے نشان پر مہریں لگائیں گے ۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے پی پی147سے اُمیدوار صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اصل معرکہ حکمرانوں کی دھاندلی اور بد نیتی کو بے نقاب کرنا ہے جس کیلئے ہر شہری کو اپنا فرض ادا کرنا چاہیے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات