حافظ نعیم الرحمن اور مسلم پرویز نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے

جماعت اسلامی انتخابات جیت کر تعمیر وترقی کے رکے ہوئے سفر کو پھر سے جاری و ساری کریگی،حافظ نعیم الرحمن کاغذات نامزدگی کی تاریخ میں 2دن کی توسیع کی جائے،کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو

بدھ 7 اکتوبر 2015 22:02

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے3دسمبرکو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں یوسی 18الفلاح نارتھ ناظم آباد سے یونین کونسل کے انتخاب کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امیر مسلم پرویز نے بھی یوسی 30یاسین آباد کے لیے اپنے کاغذات جمع کرائے۔

جبکہ انجینئر صابر احمد سابق یوسی ناظم نے یوسی 19پی آئی بی سے،سابق رکن سندھ اسمبلی یونس بارائی نے یوسی 7پہلوان گوٹھ سے جبکہ سابق ٹاؤن ناظمین فاروق نعمت اﷲ نے یوسی 28گلبرگ سے،عبد الجمیل خان نے زمان ٹاؤن کورنگی یوسی 24سے ،منعم ظفر نے یوسی29واٹرپمپ اور اسلامی جمعیت طلبہ کے سابق ناظم اعلیٰ عبد الرشید نے لیاری سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

(جاری ہے)

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے اس توقع کا اظہار کیا کہ 3دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہوجائیں گے اور کراچی کے عوام اپنے آزاد مرضی سے اپنے حقیقی نمائندوں کو منتخب کریں گے جس کے نتیجے میں شہر ایک مرتبہ پھر تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائے گا انہوں نے کہ اس وقت پورا شہر گندگی کا ڈھیر بنا ہواہے ، ٹرانسپورٹ ،پانی اور بجلی کے مسائل نے شہریوں کو ذہنی اور جسمانی اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔

جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے ،جماعت اسلامی کا ماضی عوام کی بے لوث خدمت سے عبارت ہے ہم نے خدمت میں دیانت داری کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے جماعت اسلامی انتخابات جیت کر تعمیر وترقی کے رکے ہوئے سفر کو پھر سے جاری و ساری کرے گی تاکہ شہر ایک بار پھر امن و امان اور روشنی کا گہوارہ بن سکے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ بڑے پیمانے پر ہماری سیٹ ایڈ جسٹمنٹ ہوچکی ہے تاہم دیگر مذہبی اور سیاسی جماعتوں سے بھی ایڈجسٹمنٹ کی بات چیت جاری ہے ،ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ کراچی کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں ہم شرافت اور رواداری کی بنیاد پر شہر کو ترقی دیں گے ۔

دس سال کے بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد خوش آئند ہے عوام کو طویل عرصے کے بعد اپنے حقیقی نمائندوں کو منتخب کرنے کا موقع ملا ہے اور ہمیں امید ہے کہ عوام اہل اور دیانت دار افراد کو ہی اپنے ووٹ سے منتخب کریں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر بتایا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کو ایک درخواست بھی دی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ کاغذات نامزدگی کی تاریخ میں 2دن کی توسیع کی جائے ،فارم کی پیچیدگیوں کی وجہ سے کئی امیدوار کاغذات جمع نہیں کرواسکے ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع وسطی کے سکرٹری محمد یوسف ، خالد صدیقی ،اویس یاسین جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :