راولپنڈی اور ملتان میں ڈینگی کے سدباب کیلئے موثر اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں‘شہبازشریف

متعلقہ ادارے عوام کو ڈینگی سے بچانے کیلئے فعال و متحرک کردار ادا کریں، کوتاہی کی گنجائش نہیں،وزیراعلیٰ کی صوبائی کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کو ہدایات

بدھ 7 اکتوبر 2015 21:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبائی کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی ، ملتان اور دیگر شہروں میں انسداد ڈینگی کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے اور ڈینگی کے مرض کو کنٹرول کرنے کیلئے ہر وہ قدم اٹھایا جائے جو انسانی بس میں ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے اور راولپنڈی اور ملتان میں ڈینگی کے مرض کے سدباب کیلئے موثر اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ۔ ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹیاں انسداد ڈینگی کیلئے فعال انداز میں کام کریں۔ ہسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مکمل دیکھ بھال اور علاج معالجے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو عوام کو ڈینگی کے مرض سے بچانے کیلئے فعال اور متحرک کردار ادا کرنا ہے، اس ضمن میں کسی قسم کے تساہل یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ منتخب نمائندے، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے دن رات محنت کرکے مرض کو کنٹرول کرنے کیلئے جت جائیں۔

متعلقہ عنوان :