بے مقصد دھرنوں سے قوم کے ضائع ہونیوالے قیمتی وقت کی تلافی محنت سے کررہے ہیں‘محمد شہبازشریف

لیگی حکومت نے نوجوانوں کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے تاریخی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں دھرنوں ،احتجاجی سیاست نے ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالا، نوجوانوں کے فلاحی پروگراموں میں بھی رکاوٹیں کھڑی کیں ارادے مضبوط ، خدمت خلق کا جذبہ موجود ہو تو عوام کی ترقی و خوشحالی کے راستے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہو سکتی‘وزیراعلیٰ کی منتخب نمائندوں کے وفد سے گفتگو

بدھ 7 اکتوبر 2015 21:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہ نوجوان ملک و قوم کے روشن مستقبل کی نوید ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے تاریخی نوعیت کے منفرد اقدامات کئے ہیں جن کا بنیادی مقصد پاکستان کے مستقبل کو تابناک بنانا ہے۔

نوجوانوں کے فلاحی پروگراموں کیلئے وسائل کی فراہمی روشن مستقبل پر سودمند سرمایہ کاری ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منتخب نمائندوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنے منشور کے مطابق خدمت خلق اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

وسائل کو قوم کی امانت سمجھتے ہوئے ایک ایک پائی ایمانداری سے عوام کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں پر صرف کی جا رہی ہے۔ ’’خود روزگار سکیم‘‘ ، پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ، دانش سکولز، میٹرو بس سروس، آشیانہ ہاؤسنگ سکیم جیسے فلاحی پروگرام وسائل عوام کی ترقی پر خرچ کرنے کی اعلیٰ مثالیں ہیں۔ حکومت پنجاب کے بے مثال فلاحی پروگراموں سے صوبے کے غریب عوام بڑی تعداد میں مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ کا ایک بڑا پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے۔ جنوبی پنجاب سے شروع کئے گئے اس پروگرام کا دائرہ کار صوبے بھر میں پھیلایاجارہا ہے۔ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام بھی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی غرض سے شروع کیا گیا ہے اور اس پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں بچوں اور بچیوں کو مختلف ہنر کی تربیت دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈکی سالانہ رقم2ارب سے بڑھا کر 4ارب روپے کی جا رہی ہے جس سے مستحق اور ذہین طلباء و طالبات کو تعلیمی وظائف کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت 1لاکھ غریب خاندانوں کے ذہین بچوں اوربچیوں کوزیورتعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے میرٹ کی بنیاد پر وظائف دیئے جا چکے ہیں ۔ وظائف کی فراہمی کے اس عظیم الشان پروگرام میں نہ صرف پنجاب بلکہ سندھ ، بلوچستان،خیبر پختونخوا،آزاد کشمیر،فاٹااورگلگت بلتستان کے کم وسیلہ مگر محنتی و قابل طلباء و طالبات کو شامل کیاگیا ہے ،جس سے قومی یکجہتی کو فروغ مل رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کے دھرنوں اور احتجاجی سیاست نے جہاں ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالا وہاں نوجوانوں کے فلاحی پروگراموں میں بھی رکاوٹیں کھڑی کیں۔ لیکن اگر ارادے مضبوط ہوں اور خدمت خلق کا جذبہ موجود ہو تو عوام کی ترقی و خوشحالی کے راستے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بے مقصد دھرنوں سے قوم کے ضائع ہونے والے قیمتی وقت کی تلافی کا عزم کر رکھا ہے۔

انشااﷲ محنت، محنت اور صرف محنت کے ذریعے ملک و قوم کی ترقی کی منزل حاصل کریں گے۔ ملک سے غربت، جہالت، بیروزگاری اور بجلی کے اندھیرے دور کرکے ملک کو قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنائیں گے۔ منتخب نمائندوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے صوبے کی ترقی کیلئے تاریخی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں اور نوجوانو ں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے بھی موثر حکمت عملی اپنائی ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے اقدامات بارآور ثابت ہو رہے ہیں اور میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔