ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے صدر کا پاکستان میں توانائی ٗٹرانسپورٹ کے منصوبوں میں مالی تعاون میں دلچسپی کااظہار

پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں بھرپور مواقع موجود ہیں ،مختلف شعبوں کے انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری سے آئندہ برسوں میں پاکستان میں پائیدار ترقی کی راہ ہموار ہوگی ٗبینک حکام جلد پاکستان کا دورہ کرکے مختلف منصوبوں میں اشتراک بارے تبادلہ خیال کرینگے ٗ جن لی کن کی اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس

بدھ 7 اکتوبر 2015 21:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے نامزد صدر جن لی کن نے پاکستان میں توانائی ٗٹرانسپورٹ ٗ بندر گاہوں اور شہری ترقی کے منصوبوں میں مالی تعاون میں دلچسپی کااظہا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقین ہے کہ پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں بھرپور مواقع موجود ہیں مختلف شعبوں کے انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری سے آئندہ برسوں میں پاکستان میں پائیدار ترقی کی راہ ہموار ہوگی ٗبینک کے حکام جلد پاکستان کا دورہ کرکے مختلف منصوبوں میں اشتراک کے بارے میں تبادلہ خیال کرینگے۔

جن لی کن جو عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار پاکستان کے دورے پر آئے ہیں نے اپنے دورے کے دور ان وزیر اعظم محمد نواز شریف اور کابینہ کے ارکان سے ملاقاتیں کیں اور اے آئی آئی بی کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان بینک کے بانی ارکان میں شامل ہے ۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر نے کہاکہ پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں بھرپور مواقع پائے جاتے ہیں اور اس سے پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ ہموار ہوگی ۔

انہوں نے کہاکہ ان کا بینک پاکستان کے سر کاری اور نجی شعبوں کے ساتھ قریبی شراکت داری کا خواہاں ہے انہوں نے بتایا کہ بینک کے حکام جلد پاکستان کا دورہ کر کے مختلف منصوبوں میں اشتراک کے بارے میں تبادلہ خیال کرینگے ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران اے آئی آئی بی اور پاکستانی حکومت کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے خاص طورپر ہم نے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر بات کی ہے انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں بھرپور مواقع موجود ہیں توانائی ٗ ٹرانسپورٹ ٗ بجلی ٗ بندر گاہوں ٗ شہری ترقی اور واٹر سپلائی کے منصوبوں کے حوالے سے انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری سے آئندہ برسوں میں پاکستان میں پائیدار ترقی کی راہ ہموار ہوگی ۔

انہوں نے کہاکہ ان کا بینک پاکستان نے اپنے شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے جن میں حکومت اور خاص طورپر نجی شعبہ شامل ہے ۔انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ ہم ملکر کام کر تے رہیں گے تو ایک شاندار مستقبل حاصل کر پائینگے ۔انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ ہمارا بینک ایک شاندار ادارہ بنے گا جو تمام 57بانی ارکان کی خدمت کر سکے گا جبکہ مزید ممالک بھی بینک میں شامل ہونے کے منتظر ہیں انہوں نے کہاکہ ان کابینک عالمی بینک ٗ ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر ترقیاتی بینکوں کے ساتھ ملکر کام کریگا ۔

انہوں نے پاکستانی حکومت کی طرف سے نہایت مشکل اقتصادی صورتحال میں حاصل ہونے والی معاشی کامیابیوں کو سراہا ہے بینک کے صدر نے کہاکہ پاکستان کی معاشی کامیابیوں کا بین الاقوامی کیپٹیل مارکیٹ اور نامور ریٹنگ کمپنی کی جانب سے بھرپور اعتراف کیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ ہم اے آئی آئی بی کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری پر نہایت مسرت اور فخر محسوس کرتے ہیں ۔

بینک کے صدر نے کہاکہ پاکستان نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے قیام میں نہایت اہم کر دارادا کیا ہے اور پاکستان وہ پہلا ملک ہے جس نے اس بینک کے قیام کے سلسلے میں چینی اقدام کی حمایت کی اور میں ذاتی طورپر پاکستان کے وزیر خزانہ اور حکومت کا شکر گزار ہوں ۔اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان ملک میں بنیادی ڈھانچے کے فروغ کیلئے اے آئی آئی بی کی فنڈنگ کا خیر مقدم کریگا انہوں نے بینک کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔

متعلقہ عنوان :