اہلسنّت دہشتگردی ، کرپشن اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں گے

جماعت اہلسنّت کے ملک گیر کنونشن سے صاحبزادہ مظہر سعید ، ریاض حسین شاہ ، منور حسین شاہ جماعتی و دیگر کا خطاب

بدھ 7 اکتوبر 2015 21:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ مظہر سعید کاظمی نے کہا ہے کہ اہلسنّت دہشتگردی ، کرپشن اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں گے۔ ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کی تائید و حمایت کرتے ہیں۔ حفاظت وطن کیلئے قربان ہو جانا ہمارا ایمان ہے۔ پاکستان میں بیرونی مذہبی مداخلت روکی جائے۔

صوفیاء کے ماننے والے ہی ملک کے حقیقی وفادار ہیں۔ ایران اور سعودی عرب اسلامی ملکوں میں اپنی پر اکسی وارز ختم کر دیں۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ادارہ تعلیمات اسلامیہ میں جماعت اہلسنّت کے ملک بھر کے عہدیداران کے کنونشن سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کنونشن سے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے دو ہزار سے زائد عہدیداران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کنونشن کی مختلف نشستوں سے جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ ، پیر سید منور حسین شاہ جماعتی، مفتی محمد اقبال چشتی ، صاحبزادہ غلام صدیق ، مفتی فضل جمیل رضوی، پیر سید خضر حسین شاہ ، مولانا محمد اکرم سعیدی، مفتی لیاقت علی ، مولانا ضمیر احمد ساجد، علامہ بشیر القادری ، پیر سید غلام حسین شاہ ، ڈاکٹر حمزہ مصطفائی ، محمد نواز کھرل نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ ملک کی سا لمیت کے تحفظ کیلئے پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ بعض مذہبی اور فرقہ پرست تنظیموں کو ملنے والی بیرونی امداد فرقہ واریت کا بڑا سبب ہے۔ بڑھتی ہوئی فرقہ واریت ناسور بن چکی ہے۔ پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ حکمران نظام مصطفی کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔

قانون ناموس رسالت میں کسی قسم کی کو ئی ترمیم بر داشت نہیں کریں گے۔ ہماری جدوجہد انقلاب نظام مصطفی کیلئے ہے ۔قر آن و صاحب قر آن سے عملی وابستگی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے ۔قر آن ، اذان اور ایمان کی آواز کو ئی نہیں دبا سکتا۔ پاکستان مشائخ کونسل کے سربراہ اور علی پور شریف کے سجادہ نشین پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ داعش اور القاعدہ جیسی تنظیمیں اسلام کو بدنام کرنے کیلئے قائم کی گئیں ہیں۔

وطن عزیز پر جانیں قربان کرنے والے فوجی شہداء قوم کے ہیرو ہیں۔ نظام مصطفی ہی ملک کے تمام مسائل کا حل ہے۔ کنونشن میں منظور کی گئی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشوں کو قانونی شکل دی جائے ۔ سودی نظام معیشت کو ختم کیا جائے۔ ختم نبوت کا مضمون ہر سطح کے نصاب میں شامل کیا جائے ۔ اقوام متحدہ بھارتی اشتعال انگیزی کا نوٹس لے ۔مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں حل کیا جائے`

متعلقہ عنوان :