ایف بی آرنئے آئی آر آئی ایس سافٹ وئیر سسٹم میں خامیوں کو فوری طور پردور کرے ، صدرپاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن

سافٹ وےئر سسٹم کے کئی کئی روز تک فنکشنل نہ ہونے کے باعث ٹیکس دھندگان اور ٹیکس پریکٹیشنرز کو شدید پریشانی کا سامنا ہے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نئے سسٹم سے آگہی بارے ملک کے تمام بڑے شہروں میں تربیتی نشستوں کا اہتمام کرے ٹیکس دھندگان کی فہرستیں اپ ڈیٹ نہیں ، 2015ء کی ٹیکس ریٹرن جمع کروانے والوں کو شامل نہیں کیا گیا صدرپاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن محسن ندیم کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ سے مطالبے

بدھ 7 اکتوبر 2015 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) صدرپاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن محسن ندیم نے کہا ہے کہ نئے آئی آر آئی ایس سافٹ وئیر سسٹم میں خامیوں کے باعث ٹیکس دھندگان اور ٹیکس پریکٹیشنرز کو مشکلات کا سامنا ہے اس لئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو چاہیے کہ وہ ان خامیوں کو فوری طور پردور کرے۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے دفتر میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر جمیل اختر بیگ، نائب صدر محمد محسن ورک، جنرل سیکرٹری عبدل قدوس مغل کے علاوہ دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی آر آئی ایس سافٹ وےئر سسٹم سے ناآشنا ہونے اور اس کے کئی کئی روز تک فنکشنل نہ ہونے کے باعث ٹیکس دھندگان اور ٹیکس پریکٹیشنرز اور اس شعبہ سے وابستہ افراد کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔

(جاری ہے)

محسن ندیم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے مطالبہ کیا کہ ٹیکس کے شعبہ سے وابستہ افراد کو اس نئے سسٹم سے آگہی بارے ملک کے تمام بڑے شہروں میں تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے تربیتی نشستوں کے سلسلہ میں پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کی طرف سے انفراسٹرکچر کی فراہمی کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔انہوں نے مزید کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے پاس ٹیکس دھندگان کی فہرستیں اپ ڈیٹ نہیں ہیں اور ان فہرستوں میں 2015ء کی ٹیکس ریٹرن جمع کروانے والوں کو شامل نہیں کیا گیا۔

انہوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے مطالبہ کیا کہ نئے ٹیکس دھندگان کو اس میں شامل کیا جائے اور انہیں ٹیکس دھندگان کو دی جانے والی سہولتوں اور فوائد سے محروم نہ کیا جائے۔صدرپاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے سیکرٹری جنرل عبدل قدوس مغل کو کہا کہ ملک بھر کے ٹیکس پریکٹیشنرز اور اراکین کو مراسلے جاری کیئے جائیں اور ان سے نئے آئی آر آئی ایس سسٹم بارے درپیش مسائل بارے تحریری شکایات طلب کی جائیں تاکہ مستقبل کے لئے لائیحہ عمل تیار کیا جا سکے۔ اجلاس میں انکم ٹیکس ریٹرن کی تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کرنے پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا گیا