پرائم منسٹر آف پاکستان کرکٹ چیمپئنز ٹرافی فار دی بلائینڈ،بہاولپور اور پشاور کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئیں،سیمی فائنلز (کل)کھیلے جائیں گے

بدھ 7 اکتوبر 2015 21:21

اسلام آباد ۔07 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) تیسری پرائم منسٹر آف پاکستان کرکٹ چیمپئنز ٹی ٹونٹی ٹرافی فار دی بلائینڈ میں بہاولپور اور پشاور کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ بہاولپور نے اوکاڑہ اور پشاور نے لاہور کو ہرا کر لاسٹ فور میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف نائن پارک کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں جاری چیمپئن شپ میں گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ میں بہاولپور نے اوکاڑہ کو 71 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، بہاولپور نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے تھے، زاہد نے 115 رنز کی دلکش اننگز کھیلی تھی، جواب میں اوکاڑہ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 139 رنز تک محدود رہی، بدرمنیر 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

زاہد کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دوسرے میچ میں پشاور نے لاہور کو 29 رنز سے ہرایا، لاہور کی ٹیم 159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 130 رنز ہی بنا سکی۔ مطیع اللہ نے 43 رنز بنائے۔ پشاور کی جانب سے ہارون نے 50 رنز کی اننگز کھیلی تھی اسلئے انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز آج جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔ گوجرانوالہ کا مقابلہ پشاور اور بہاولپور کا مقابلہ اسلام آباد سے ہو گا۔

متعلقہ عنوان :