پاکستان نے نیشنل ہیلتھ انشورنس اور وزیراعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام کے ذریعے کمزور طبقات کو صحت کی ہمہ گیر خدمات کی فراہمی کیلئے بڑے اقدامات اٹھائے ہیں

وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ کاکویت میں ڈبلیو ایچ او ریجنل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

بدھ 7 اکتوبر 2015 21:21

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ معیاری علاج معالجہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے، پاکستان نے نیشنل ہیلتھ انشورنس اور وزیراعظم کے ہیلتھ انشورنس پروگرام کے ذریعے معاشرہ کے کمزور طبقات کو صحت کی ہمہ گیر خدمات کی فراہمی کیلئے بڑے اقدامات اٹھائے ہیں۔

(جاری ہے)

کویت میں ڈبلیو ایچ او ریجنل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نومبر 2013ء میں اسلام آباد میں ہونے والے جی 5 اجلاس کے دوران تمام ممالک اور ڈبلیو ایچ او کیلئے صحت کے شعبے کے حوالے سے خصوصی تجاویز دی گئی تھیں جن پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیماریوں کی کوئی سرحد نہیں ہوتی جو سفر اور تجارت میں اضافہ سے دوسرے ممالک میں پھیل سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ متعدی بیماریوں اور دیگر بیماریوں کے خاتمہ کیلئے دنیا بھر کے ممالک کو موثر کوششیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان اس حوالے سے تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2015ء کے بعد کے ترقیاتی ایجنڈا کیلئے باہمی تعاون کی ضرورت ہے اور ہمیں بالخصوص صحت کے شعبہ میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :