اقوام متحدہ عالمی طاقتوں کا آلہ کار بن کر مسئلہ فلسطین کے حوالے سے اپنے فرائض پورے نہیں کر رہا

ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری کی ڈاکٹر خالد قدومی سے گفتگو

بدھ 7 اکتوبر 2015 21:21

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ عالمی طاقتوں کا آلہ کار بن کر مسئلہ فلسطین کے حوالے سے اپنے فرائض پورے نہیں کر رہا، اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کو نہیں روکا جا رہا، مسجد اقصیٰ کی مسلمانوں اور یہودیوں کے درمیان تقسیم ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

دنیا بھر کے مسلمان اس اقدام کی نہ صرف ہر سطح پر مذمت بلکہ مزاحمت بھی کرینگے۔ مسجد اقصیٰ کا تقدس اور تحفظ تمام مسلمانوں کا اجتماعی فریضہ ہے بدقسمتی سے مسلمان اپنے اس مذہبی فریضہ سے غافل ہیں۔ بدھ کو حماس اسلامی تحریک مزاحمت کے نمائندہ خصوصی ڈاکٹر خالد قدومی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جے یو آئی ایک بڑی تحریک کا نام ہے ہم روز اول سے ہی مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر ہر فورم پر اٹھا کر آواز بلند کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جے یو آئی 10 اکتوبر کو قومی کانفرنس میں مسئلہ فلسطین کے حق میں قرارداد منظور کرے گی۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اسرائیل قابض ہے جب تک فلسطین پر قبضہ ختم نہیں ہوتا دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ ڈاکٹر خالد قدومی نے جے یو آئی اور مولانا فضل الرحمن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سینٹ میں فلسطین کے حق میں قرا رداد پر ہم شکر گزار ہیں۔

متعلقہ عنوان :