چیئرمین آباد کا پی آئی اے اور پالپا کے درمیان جاری تنازعہ پر افسوس کا اظہار

پائلٹس کی ہڑتال کے باعث ایئرلائن کے مسافر با لخصوص حجاج کرام شدید مشکلات سے دو چار ہیں،محمد حنیف گوہر

بدھ 7 اکتوبر 2015 20:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) کے چیئرمین محمد حنیف گوہر نے پی آئی اے اور پالپا کے درمیان جاری تنازعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دونوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے معاملات فوری طور پر افہام وتفہیم سے حل کریں۔ایک بیان میں آباد کے چیئرمین محمد حنیف گوہر نے کہا کہ پائلٹس کی ہڑتال کے باعث نہ صرف ایئرلائن کے مسافر با لخصوص حجاج کرام شدید مشکلات سے دو چار ہیں بلکہ قومی خزانے کو بھی روزانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔

پی آئی اے اور پالپا کے درمیان تنازعہ کو 7 روز گذر گئے ،اس دوران 80 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں جس سے قومی ائیر لائن کو 40 کروڑ روپے سے زائد کا دھچکا لگ چکا ہے۔چیئرمین آباد نے پی آئی انتظامیہ اور پالپا عہدیداران سے استدعا کی ہے کہ وہ مسافروں کی مشکلات اور قومی خزانے کو ہونے والے نقصان کا ادراک کرتے ہوئے فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے اپنے معاملات کا حل نکالیں۔

(جاری ہے)

پی آئی اے انتظامیہ اور پائلٹس کے درمیان جھگڑے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نجی ائیر لائنوں کے کرایوں میں اضافے پر حنیف گوہر نے شدید مذمت کی اور کہا کہ آباد کے ممبران کو کاروباری سرگرمیوں کے سلسلے میں اندرون وبیرون ملک سفرکرنا پڑتا ہے،فضائی کرایوں میں اضافے سے ان کے کاروبار پر منفی اثرات پڑنے کا خدشہ ہے۔انھوں نے وزیراعظم میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پی آئی اے میں پیدا ہونے والے بحران کا نوٹس لیں اور اضافی کرایہ وصول کرنے والی ائیر لائنوں کے خلاف کارروائی کے احکام جاری کریں۔

متعلقہ عنوان :