پائلٹوں کی ہڑتال سے مسافر اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں‘ڈاکٹر سید وسیم اختر

ناقص حکمت عملی اورکرپشن نے پی آئی اے سمیت تمام اداروں کوتباہی کی دھانے پرپہنچادیا ہے ‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

بدھ 7 اکتوبر 2015 20:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء ) پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے پائلٹوں کی ہڑتال پراپنی شدید تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ اس ہڑتال سے اب تک 88پروازیں منسوخ جبکہ ادارے کو50کروڑروپے کانقصان پہنچ چکا ہے،مسافر دربدربھٹک رہے ہیں کوئی ان کاپرسان حال نہیں،حکومت اور پی آئی اے انتظامیہ پائلٹوں کے تمام جائز مطالبات کومن وعن تسلیم کرتے ہوئے مسافروں کواس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائے۔

انہوں نے کہاکہ پائلٹوں کی ہڑتال سے حج پروازیں بھی بری طرح متاثرہورہی ہیں۔حکومت معاملے کوخوش اسلوبی سے جلد ازجلد سلجھاتے ہوئے عوام کو اس پریشانی سے نکالے۔کسی بھی ملک کی قومی ہوائی کمپنی کواس کے وقار اور شناخت کی علامت سمجھاجاتا ہے۔

(جاری ہے)

مشرق بعیداور خلیجی ریاستوں کی وہ کمپنیاں جوآج کل بین الاقوامی سطح پر بے پناہ کامیاب ثابت ہورہی ہیں ان کے قیام،تنظیم وتربیت اور منصوبہ بندی میں کلیدی کردار اداکرنے والی پی آئی اے ناقص حکمت عملی کی وجہ سے آج تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے۔

جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ اقرباء پروری،کرپشن اوراختیارات کے ناجائز استعمال نے پی آئی اے سمیت تمام منافع بخش سرکاری اداروں کوخسارے میں پہنچادیا ہے۔حکومت ہر سال اربوں روپے کی سبسڈیزدینے پرمجبور ہے مگرکارکردگی میں کوئی بہتر نہیں آئی۔پالیا کی ہڑتال کے باعث دوسری نجی ایئرلائنزنے کرایوں میں ہوشرباء اضافہ کرکے لوٹ مارشروع کردی ہے۔وزیراعظم اس صورت حال کاخودنوٹس لیں۔حکومت زبانی جمع خرچ کے بجائے فوری طور پر اس صورتحال کوبہتربنانے کے لئے عملی اقدامات کرے۔