مزدور یونین کا منشور محنت کش اور اس کے بچوں کا روشن مستقبل ہے ،چوہدری محمد یاسین

انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے مسائل کو ہمیشہ ترجیح بنیادوں پر حل کیا،اورنگزیب خان انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ ٹرانسپورٹ سیل کی استقبالیہ تقریب سے قائدین مزدور یونین کا خطاب

بدھ 7 اکتوبر 2015 20:52

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء )سی ڈی اے انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ ٹرانسپورٹ سیل سٹاف کی جانب سے قائدین مزدور یونین کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ،تقریب سے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن ،صدر اورنگزیب خان ،چوہدری زاہد احمد ،حق نواز عباسی ،عبدالرشید نون ،عاقل خان ،ارشد خان ،ملک خلیل ،سردار فرید و دیگر مقررین نے خطاب کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری مزدور یونین چوہدری محمد یسیٰن نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین کا اولین منشوریہ ہے کہ سی ڈی اے محنت کش اور انکے بچوں کا مستقبل روشن ہو ،سی ڈی اے مزدور یونین نے اپنی نوسالہ جدوجہد اور کاوشوں کے ذریعے سی ڈی اے ملازمین کو چار ہزار پلاٹوں کی الاٹمنٹ ،سکیلوں کی اپ گریڈیشن ،ڈیلی ویجزو اوور ایج ملازمین کی مستقلی ،حج پالیسی ،بیواؤں کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ ،عید و کرسمس الاؤنس ،حافظ و پادری الاؤنس ،ہارڈ شپ الاؤنس ،کمپیوٹر الاؤنس ،20%سپیشل الاؤنس اور اسکے بقایا جات دلوانے کے علاوہ سی ڈی اے محنت کش کو دیگر تاریخی مراعات دلواکر پاکستان بھر میں مثال پیش کی ،آج دیگر اداروں میں قائم ٹریڈ یونینز اور اسکے کارکن بھی سی ڈی اے مزدور یونین کی نہ صرف تقلید کرنا چاہتے ہیں بلکہ ہماری یونین کو بطور مثال پیش کیا جاتا ہے ،آنے والی نسلیں بھی سی ڈی اے مزدور یونین کی خدمات کو نظر انداز اور فراموش نہ کر سکیں گی ،انھوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ محنت کشوں کے حقوق کی آواز بلند کرنے میں پہل کی اورجب بھی ادارے اور ملازمین کے مفاد کا مسئلہ درپیش ہوا تو بطور یونین لیڈر اپنا دو ٹوک موقف پیش کیا لیکن قابل افسوس امر یہ ہے کہ مزدور دشمن ٹولہ جس نے ہمیشہ منافقت اور کردار کشی کی سیاست کی وہ اس وقت بھی ادارے کی بقاء اورمحنت کشوں کے بچوں کے مستقبل کی فکر کرنے کی بجائے اپنی سیاسی دوکان چمکانے کی خاطر ڈھول گروپ کا کردار اد اکر رہے ہیں ، ان لوگوں کو نہ تو ادارے کی بقاء کی فکر ہے اور نہ ہی ملازمین کے مسائل سے آگاہی ہے ،سی ڈی اے مزدور یونین کو مسلسل تین مرتبہ محنت کشوں نے اپنے مینڈیٹ سے نوازا ہے اور ہم سی ڈی اے ملازمین کو واضح طور پر یہ یقین دلا چکے ہیں کہ کسی بھی قیمت پر سی ڈی اے ملازمین کے مفادات کا سودا نہیں کیا جائے گا ، انھوں نے کہا کہ انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے 80فی صد مسائل حل ہو چکے ہیں اور باقی ماندہ مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے ۔