حکومت سیاحوں کو عمدہ سہولیات فراہم کرنے اور سیاحت کی صنعت کی ازسر نو ترویج و ترقی کیلئے پر عزم ہے ، پرویز رشید

ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتر ی کے باعث بہت سے عوامل میں تبدیلی آ رہی ہے ،وفاقی وزیراطلاعات کا تقریب سے خطاب

بدھ 7 اکتوبر 2015 20:51

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف کے سربراہی میں موجودہ حکومت سیاحوں کو عمدہ سہولیات فراہم کرنے اور سیاحت کی صنعت کی ازسر نو ترویج و ترقی کیلئے پر عزم ہے جس سے نہ صرف معیشت میں بہتری آئے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بھی بلند ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر پرویز رشید ، وفاقی وزیر برائے اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ نے پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کے کارمودی پاکستان کے اشتراک سے منعقد کردہ عالمی یوم سیاحت سیمینار اور تصویری نمائش کے موقع پر تقریر میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیاحت کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں اورانفراسٹرکچر کی بہتری سے سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس و ثقافت (یونیسکو) نے چھ پاکستانی جگہوں کو بین الاقوامی ورثہ کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی عوام امن پسند اور مہمان نواز ہے اور ہمیشہ اپنے مہمانوں کواﷲ کی رحمت سمجھتے ہوئے خوش آمدید کہنے کیلئے خوشدلی سے بانہیں پھیلائے رکھتے ہیں۔

پاکستان کے رنگارنگ فیسٹول، سرسبز و شاداب وادیاں اور عظیم ثقافتی ورثہ سیاحوں کیلئے جنت سے کم نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتر ی کے باعث بہت سے عوامل میں تبدیلی آ رہی ہے جس میں غیر ملکی سیاحوں کی پاکستان آمد میں اضافہ بھی شامل ہے۔ حکومت پی ٹی ڈی سی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے کئی اقدامات کر رہی ہے تا کہ اسے مؤثر قومی سیاحتی ادارہ بنایا جا ئے۔

سیکریٹری کیبنٹ راجہ حسن عباس نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ اس سال کا مرکزی خیال "ایک ارب سیاح، ایک ارب مواقع"اس امر کا آئینہ دار ہے کہ بین الاقوامی سطح پر سیاحت نے اس حد تک ترقی کی ہے کہ دنیا بھر میں ہر سال ایک ارب سے زائد لوگ سیاحت کر تے ہیں جس سے سماجی، معاشی اور ثقافتی ترقی نے نئے باب کھلتے ہیں۔ کچھ دشوار عوامل جن میں قدرتی آفات، امن و امان کی صورتحال ، موزی امراض و وباؤں نے ہمارے ملک میں سیاحوں کی آمدورفت کو متاثر کیا لیکن اب صورتحال میں بہتری کے باعث ہم پر امید ہیں کہ پاکستان میں موجود قدرتی وسائل اورسیاحتی مقامات کی درست انداز میں ترویج سے ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہوں گے جس سے غربت میں کمی اور سماجی ترقی ہو گی۔

چوہدری کبیر احمد خان ، منیجنگ ڈائریکٹرنے اپنے ابتدائی خطاب میں کہا کہ عالمی یوم سیاحت ہر سال یو این ڈبلیو ٹی کے نامزد کردہ مرکزی خیال کے تحت پوری دنیا میں 27ستمبر کو منایا جاتا ہے۔ لیکن اس سال چونکہ یہ دن عید الاضحیٰ کی چھٹیوں میں آیا اس لئے ہم نے اس دن کی مناسبت سے آج "ایک ارب سیاح ، ایک ارب مواقع ـ"کے مرکزی خیال پر اس سیمینار اور تصویری نمائش کا اہتمام کیا ہے۔

بلاشبہ سیاحت کی غیر معمولی صنعت کے ملکی معیشت میں اضافے اور ترقیاتی افادیت بیان کرنے کیلئے یہ بہترین مرکزی خیال ہے ۔ انہوں نے فرمایا کہ اس معاملے میں کوئی دو آ ر أ نہیں ہو سکتیں کہ سیاحت کے شعبے کے پائیدار ترقی، ملک میں زر مبادلہ میں اضافے، غربت میں کمی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے ،اور ملک اور بیرونِ ملک دونوں کے دور دراز علاقوں کے رہنے والے لو گوں میں باہمی ہم آہنگی اور رابطے کا ذریعہ بنتی ہے۔

اس صنعت کی خوبی ہے کہ یہ غریب ترین معیشت میں بھی جان ڈال کر اس کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔پی ٹی ڈی سی ملک میں سیاحت کے فروغ و ترقی کیلئے پر عزم ہے اور اس کے افسران اور اسٹاف ممبرز کی انتھک کوششوں کے باعث اس کے ذیلی اداروں کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔ ہماری کوشش ہے کہ آنے والے سالوں میں ہم اسے ایک منافع بخش جدید ادارہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

اپنی ذمہ داریوں کو احسن طور پر ادا کرنے اور نوجوانوں کو ملکی سیاحت سے روشناس کروانے کیلئے پی ٹی ڈی سی نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے تعاون سے پاکستان ٹورازم فرینڈز کلب کا اجراء کیا ہے ۔ اس کلب کے ممبران پاکستان بھر میں موجود پی ٹی ڈی سی کے تمام موٹلز میں رہائش پر 20فیصد خصوصی ڈسکاؤنٹ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سیمینار اور تصویری نمائش کے انعقاد پر تعاون کیلئے کارمودی پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی ملک میں سیاحت کی ترقی کیلئے دلچسپی کو سراہا۔

اس موقع پر مہمان مقررین نے ملک میں سیاحت کی ترقی وترویج میں درپیش مسائل اور ان کے حل پر تقاریر اور پریزنٹیشن پیش کیں۔ مہمان مقررین میں کرنل (ر) منظور حسین صدر الپائن کلب آف پاکستان، محترمہ جہاں آرا ء معین سیکریٹری ایڈونچر فاؤنڈیشن پاکستان، عرفان اﷲ بیگ صدر پاکستان ایسوسی ایشن آف ٹور آپریٹرز، خادم رسول ، سیکریٹری ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان اور آغا اقرار ہارون ، اعزازی صدر برائے دی ریجن انیشیٹو (ٹی آر آئی) شامل تھے۔ تصویری نمائش کا افتتاح جناب پرویز رشید نے کیا جس کااسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز سے طلباء وطالبات کے علاوہ بڑی تعداد میں شہریوں نے دورہ کیا اور اس اہتمام کو سراہا۔ یہ نمائش 8اکتوبر تک جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :