Live Updates

مقبولیت کی دعویدار (ن) لیگ کو 9اکتوبر کے جلسے کیلئے کارکن نہیں مل رہے ‘ ترجمان پی ٹی آئی پنجاب

ڈی سی اوز کی مدد سے ملحقہ اضلاع سے سرکاری ملازمین کو گاڑیاں بھر کر لانے کیلئے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں (ن) لیگ ضمنی انتخاب میں واضح شکست کو دیکھتے ہوئے ” خونی لیگ “بن چکی ہے‘جمشید اقبال چیمہ کا تقریب سے خطاب

بدھ 7 اکتوبر 2015 20:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء) تحریک انصاف پنجاب میڈیا ٹاسک فورس کے کنوینر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ ضمنی انتخاب میں اپنی واضح شکست کو دیکھتے ہوئے ” خونی لیگ “بن چکی ہے ،دوسروں کو اخلاق کا درس دینے والے خواجہ سعد رفیق نے تمام حدیں پار کر دی ہیں لیکن عوام 11اکتوبر کو لیگی امیدوار کو مسترد کر کے اس زبان درازی کا بدلہ لیں گے ، میڈیا ضمنی انتخاب میں مکمل غیر جانبدار ہے لیکن حکومتی وزراء بیان بازی کر کے میڈیا کو بھی دباؤ میں لانا چاہتے ہیں۔

گڑھی شاہو میں این اے 122کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے 9اکتوبر کو سمن آباد ڈونگی گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان تو کر دیا ہے لیکن مقبولیت کے دعوے کرنے والوں کو کارکن نہیں مل رہے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی اوز کی مدد سے لاہور سے ملحقہ اضلاع سے سرکاری ملازمین کو گاڑیوں میں بھر کر جلسہ گاہ لانے کے لئے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کا کہنا ہے کہ وفاقی وزراء اپنی ذاتی حیثیت میں مہم چلا رہے ہیں بتایا جائے خواجہ رفیق کا ریلوے ملازمین کو دوران ڈیوٹی جلسے کے لئے طلب کرنا اور انہیں ڈرا دھمکا کر اور لالچ دے کر ووٹ کی ترغیب دینا انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سیاسی مخالفین کو خوفزدہ کرنے کے لئے تشدد کی کارروائیوں پر اتر آئی ہے۔ ضمنی انتخاب کے اعلان کے بعد پی ٹی آئی سے وابستہ دو کارکنوں کا قتل ظلم کی انتہا ہے ۔پی ٹی آئی کے کارکنوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 9اکتوبر کو لاہور میں دوبارہ سیاسی طاقت کا مظاہرہ کریں گے جس سے (ن) لیگ کوچار اکتوبر کی طرح ایک بار پھر بخار چڑھ جائے گا`

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :