ملتان،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی ریڈ الرٹ کرنے کے احکامات

سانحہ وہاڑی چوک کے بعد ملتان میں سکیورٹی خدشات بڑھ گئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنی کارکردگی مثالی بناتے ہوئے عوام کے جان و مال کا تحفظ کا یقینی بنانا ہوگا، ملتان ڈویژن کے ضلعی و پولیس آفیسروں کے اجلاس سے خطاب

بدھ 7 اکتوبر 2015 20:00

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور پنجاب رانا ثناء اللہ نے محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی ریڈ الرٹ کرنے کے احکامات دیتے ہوئے ضلعی و پولیس حکام کو موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ وہاڑی چوک کے بعد ملتان میں سکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنی کارکردگی مثالی بناتے ہوئے عوام کے جان و مال کا تحفظ کا یقینی بنانا ہوگا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ محرم الحرام پر لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی،نفرت انگیز لٹریچر اور اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سرکٹ ہاؤس میں ملتان ڈویژن کے ضلعی و پولیس آفیسروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا،ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ رائے طاہر اور سیکرٹری داخلہ میجر(ر)اعظم سلیمان سمیت آر پی اوملتان ،کمشنر ملتان ،ڈی سی اور ز اور ڈی پی اوز نے بھی شرکت کی۔

صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملکی حالات کے پیش نظر سکیورٹی اداروں کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔وطن عزیز کی پاک فوج،رینجرز اور پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مثالی قربانیاں دی ہیں ۔وہ وقت دور نہیں جب ہمارا ملک امن کا گہوارہ بنے گا۔رانا ثناء اللہ نے پولیس آفیسران کو ہدایت کی کہ امن کمیٹیوں کے کردار کو فعال کیا جائے اور علماء کرام سے مشاورت کر کے جلوسوں کے راستوں پر سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔

انہوں نے آر پی اورملتان کو ہدایت کی کہ علماء کرام کے نام فورتھ شیڈول میں شامل یا خارج کرنے سے قبل متعلقہ امن کمیٹی کو بھی اعتماد میں لیا جائے تاکہ اعتماد کی فضاء قائم ہوسکے۔صوبائی وزیر نے کہاکہ ملتان ایک پُر امن ڈویژن ہے تاہم انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دیں گے تاکہ محرم الحرام پر پُر امن عزاداری ممکن بنائی جاسکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ میجر (ر)اعظم سلیمان نے کہا کہ حکومت پنجاب نے محرم الحرام پر امن برقرار رکھنے کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں تمام ڈی سی او ز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں چپے چپے کی سکریننگ کریں اور ماتمی جلوسوں کے روٹس پر روشنی کا انتظام کر کے تجاوزات کا بھی خاتمہ کیا جائے۔آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ پولیس اور انٹیلی جینس اداروں کو سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے لئے درکار فورس اور فنڈز مہیا کردئیے گئے ہیں ۔

تمام اضلاع کے ڈی پی اوز نئے بینرز اور دیگر سکیورٹی آلات خریدیں اور رضاکاروں کو بھی موثر ٹریننگ کرائی جائے۔بعد ازاں اجلاس میں کمشنر ملتان ڈویژن کیپٹن(ر)اسداللہ خان اور آر پی اورملتان طارق مسعود یٰسین کی جانب سے امن وامان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔