عالمی مشاعرے کو کامیاب بنانے کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی ہرممکن تعاون فراہم کرے گی ،میٹروپولیٹن کمشنر کراچی

بدھ 7 اکتوبر 2015 19:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء) میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ عالمی مشاعرے کو کامیاب بنانے کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی ہرممکن تعاون فراہم کرے گی ، شہر میں ادبی وثقافتی محافل کے انعقاد سے ایک خوشگوار ماحول پیدا ہوتا ہے شعراء کرام اپنے اشعار کے ذریعے معاشرے کی اچھائیوں اور برائیوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ زبان و بیان کی ترویج و اشاعت کے لئے بھی مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔

ساکنان شہر قائد کے مشاعروں نے اس شہر کے ماحول کو بہتر بنانے میں عمدہ کردار ادا کیا ہے، مشاعروں کے انعقاد سے ادب کی خدمت کے ساتھ ساتھ ثقافتی قدروں کو اجاگر کرنے میں بھی مدد ملتی ہے یہ بات انہوں نے منگل کی شام اپنے دفتر میں ساکنان شہر قائد کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی، وفد میں محمود احمد خان، عامر مسعود شیخ، سید رضا عباس رضوی اور مظہر خان شامل تھے ، وفد میں اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر کو عالمی مشاعرے کا دعوت نامہ اور سوینیئر پیش کیا اور عالمی مشاعرے کے حوالے سے مختلف سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو کی، میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی نے کہا کہ عالمی مشاعرہ کراچی کی ایک خوبصورت اور تابندہ روایت ہے جس کو باہم مل کر زندہ رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

بلدیہ عظمیٰ کراچی صحتمند روایات کو زندہ رکھنے کے لئے ہرممکن اقدامات کرے گی اور ایسے تمام اقدامات کی حمایت کرے گی جس سے شہر میں صحتمندانہ سرگرمیوں کو فروغ ملے انہوں نے کہا کہ عالمی مشاعرہ کراچی کا ثقافتی پروگرام ہے اس تاریخی روایت کو زندہ رکھنے کے لئے ہرممکن تعاون جاری رکھا جائے گا انہوں نے کہا کہ عالمی مشاعرے کے مقام پر فیومیگیشن سمیت خوبصورت پودے بھی رکھے جائیں گے جبکہ سٹی وارڈنز کی تعیناتی سمیت شہر کے مختلف اہم مقامات پر عالمی مشاعرے کے بینرز بھی آویزاں کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ یہ مشاعرہ کسی ایک فرد واحد یا انجمن کا نہیں بلکہ یہ مشاعرہ اس شہر کا اور شہر والوں کا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث مسرت ہے کہ ساکنان شہر قائد گزشتہ 24 سالوں سے کامیابی کے ساتھ عالمی مشاعروں کا انعقاد کررہا ہے جو یقینا قابل ستائش ہے، ان مشاعروں کے انعقاد سے ہم آہنگی اور یکجہتی کی فضا کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :