زیر زمین پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے محکمہ آبپاشی میں گراؤنڈ واٹر مینجمنٹ یونٹ قائم کر دیا گیا ہے‘ میاں یاور زمان

زیر زمین پانی کی حفاظت اور اس کی کوالٹی برقرار رکھنے کے لئے جامع حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے ‘صوبائی وزیر آبپاشی

بدھ 7 اکتوبر 2015 19:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء ) صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ زیر زمین پانی کے ضیاع کو روکنے اور اس کے زرعی استعمال میں کمی لانے کے لئے محکمہ آبپاشی میں گراؤنڈ واٹر مینجمنٹ یونٹ قائم کر دیا گیا ہے جو صوبہ بھر کے گراؤنڈ واٹر کو مانیٹر کریگا تاکہ قدرت کے اس انمول عطیے کی مربوط بنیادوں پر حفاظت ممکن ہو سکے، زیر زمین پانی ہمارے پاس میٹھے پانی کا دوسرا بڑا ذخیرہ ہے جس میں تیزی سے کمی واقع ہو رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے کسان نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ کرہ ارض پر انسانی بقاء کے لئے پانی کی موجودگی کو کلیدی حیثیت حاصل ہے جبکہ زمین پر زرعی سرگرمیوں کا سارا دارومدار بھی پانی پر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کا نظام آبپاشی دنیا کا بہترین نظام ہونے کے باوجود پاکستان کے قابل کاشت رقبے کی آبی ضروریات پوری کرنے کے لئے ناکافی ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی سرگرمیوں کے لئے درکار نہری پانی نہ مل سکنے کے باعث 40 سے 50 فیصد زراعت میں گراؤنڈ واٹر استعمال ہو رہا ہے اور اب تک صوبہ پنجاب میں تقریباً دس لاکھ ٹیوب ویل کھیتوں کو پانی مہیا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زیر زمین پانی زرعی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ گھریلواور صنعتی مقاصد کے لئے بھی وسیع پیمانے پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ زیر زمین پانی کے بے دریغ استعمال کے سبب اس کے ذخائر میں خاطر خواہ کمی واقع ہو چکی ہے اور اس کی سطح بھی گرتی جا رہی ہے ۔ اسی طرح زیر زمین پانی کی کوالٹی میں بھی ابتری دیکھنے میں آئی ہے جبکہ نئے ٹیوب ویل پر ہونے والے اخراجات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام حالات کے پیش نظر اریگیشن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں گراؤنڈ واٹر مینجمنٹ قائم کر دیا گیا ہے تا کہ زیر زمین پانی کی حفاظت اور اس کی کوالٹی برقرار رکھنے کے لئے جامع حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ یونٹ گراؤنڈ واٹر کی حفاظت کے لئے لیگل فریم ورک بھی تشکیل دے گا جبکہ اس ضمن میں عوام الناس اور کسانوں کو ضروری معلومات فراہم کرنے کا بندوبست بھی کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :