2018ء تک 20 لاکھ افراد کو ہنر مند بنانے کا ہدف پورا کر لیا جائے گا ‘ چوہدری شفیق

مشرق وسطی کی لیبر مارکیٹ میں ہنر مندوں کو کھپانے کی منصوبہ بندی جلد مکمل کر لی جائے گی‘ صوبائی وزیر صنعت و تجارت

بدھ 7 اکتوبر 2015 19:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء )صوبائی وزیر صنعت و تجارت و سرمایہ کاری چوہدری محمد شفیق نے کہا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں قطر کو ایک نیا شہر بسانے کے لئے 14 لاکھ ہنر مندوں کی ضرورت ہے لہذاٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ ہنر مندوں کو قطر بھجوائے تا کہ ملک میں زرمبادلہ آئے اور پاکستان میں خوشحالی اور ترقی کا نیا دور شروع ہو سکے - وہ گزشتہ روز ٹیوٹا کے افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے - انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ٹیوٹا اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے ہنرمندوں کی تیاری اور انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں ایک فعال اور موثر ادارے کے طور پر آگے بڑھ رہا ہے - چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے صوبائی وزیر کو محکمانہ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہنر مندوں کو بیرون ملک بھجوانے کے لئے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں ایک خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے جو بہت منظم انداز میں ہنر مندوں کو بیرون ملک بھجوانے کا کام انتہائی شفاف طریقے سے انجام دے رہا ہے - صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ ٹیوٹا نے حال ہی میں سہ ماہی اور ششماہی کورسز کا اجرا بھی کیا ہے ان کورسز کی لوکل اور فارن مارکیٹ میں شدید طلب ہے - بتایا گیا کہ استاد و شاگرد پروگرام کا اجراء اسی پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت ہنرمندوں کو نا صرف بہتر روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے بلکہ ان کے لئے عالمی مارکیٹ میں جگہ بھی بنائی جائے گی -صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ ٹیوٹا نے پبلک پارٹنر شپ کا تجربہ بھی کیا ہے جو بے حد کامیاب رہا ہے -