عید کے دوسرے روز راوی میں ڈوبنے والے نوجوان کی لاش 12روز گزرنے کے باوجود تلاش نہ کی جا سکی

متاثرہ خاندان کا روز انہ لاش ملنے کی امید لگائے دریا کنارے پہنچنا اور شام کو مایوس واپس لوٹنا معمول بن گیا

بدھ 7 اکتوبر 2015 19:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء) عید کے دوسرے روز دریا ئے راوی میں ڈوبنے والے نوجوان کی لاش 12روز گزرنے کے باوجود تلاش نہ کی جا سکی ،متاثرہ خاندان کا روز انہ لاش ملنے کی امید لگائے دریا کنارے پہنچنا اور شام کو مایوس واپس لوٹنا معمول بن گیا ۔شیخوپورہ کا رہائشی اویس عید الاضحی کے دوسرے روز اپنے دوستوں کے ہمراہ دریا ئے راوی میں نہانے کیلئے آیا تھا جہاں وہ نہاتے ہوئے گہرے پانی میں ڈوب گیا ۔

اویس کے دوستوں نے واقعے کے فورا بعد اویس کے گھر والوں کو اطلاع دی جس پر ریسکیو 1122کو مطلع کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ریسکیو ٹیم موقع پر تو پہنچی لیکن کوشش کے باوجود پانی کی گہرائی زیادہ ہونے کی وجہ سے اویس کو تلاش نہ کیا جا سکا ۔بتایا گیا ہے کہ ریسکیو 1122کی ٹیم اپنے غوطہ خوروں اور سینئرز کو لانے کا کہہ کر گئی تھی لیکن پھر واپس نہ آئی ۔ متاثرہ خاندان نے اپنے طور پر پرائیویٹ غوطہ خوروں کو بلا کر بھی اویس کی لاش تلاش کرنی کی کوشش جاری رکھی لیکن انہیں 12روز گزرنے کے باوجود کامیابی نہیں مل سکی ۔ غم سے نڈھال اویس کی والدہ اور والد نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ انکے بیٹے کی لاش کو تلاش کریں تاکہ وہ اس کی تدفین کر سکیں ۔

متعلقہ عنوان :