کراچی،محرم الحرام کیلئے پولیس کا ابتدائی حفاظتی پلان تیار

600سے زائد جلوس برآمد ہونگے، 146انتہائی حساس 378حساس قرار دیئے گئے حفاظتی پلان کے تحت مجموعی طور پر سیکیورٹی کی غرض سے 25ہزار اہلکار تعینات کیے جائینگے، رینجرز اہلکار اس کے علاوہ ہونگے

بدھ 7 اکتوبر 2015 19:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء) کراچی پولیس نے محرم الحرام کے لیے ابتدائی حفاظتی پلان تیار کر لیا ہے، مجموعی طور پر کراچی میں 600 سے زائد جلوس برآمد ہونگے، جن میں سے 146 انتہائی حساس جبکہ 378 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔حفاظتی پلان کے تحت مجموعی طور پر سیکیورٹی کی غرض سے 25ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ رینجرز اہلکاروں کی تعداد اس کے علاوہ ہوگی۔

ابتدائی سیکیورٹی پلان کے مطابق ضلع جنوبی میں نکلنے والے تمام 58جلوس حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ ایسٹ زون میں 311 جلوس برآمد ہوں گے، 61انتہائی حساس جبکہ 213 حساس قراردیئے گئے ہیں، ویسٹ زون میں 232 جلوس نکلیں گے، 27انتہائی حساس جبکہ 165حساس قرار دے دیئے گئے۔شہر بھر میں محرم الحرام کے دوران 5400 سے زائد مجالس کا انعقاد کیا جائے گا، ساوتھ زون کی 892 مجالس میں سے 79انتہائی حساس ،459 حساس جبکہ 354غیر حساس قراردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ایسٹ زون کی 2934مجالس میں سے 619انتہائی حساس، 1201حساس جبکہ 1114غیر حساس ہوں گی، ویسٹ زون کی 1569مجالس میں سے 298انتہائی حساس، 846حساس جبکہ 425 غیر حساس قراردے دی گئی ہیں۔اس سلسلے میں سیکیورٹی کیلئے سادہ لباس اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 25ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہونگے، سیکیورٹی پلان میں سندھ ریزرو پولیس، محافظ فورس اور ایس ایس یو کو بھی حصہ بنایاگیا ہے، رینجرز کی نفری پولیس اہلکارروں کی تعیناتی کے علاوہ ہوگی۔سیکیورٹی پلان کے تحت ضلع ایس ایس پی، ڈی آئی جی، ایڈیشنل آئی جی اور آئی جی آفس میں کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے، مرکزی کنٹرول روم سینٹرل پولیس آفس میں قائم ہوگا۔کیمرے والی پولیس موبائلوں اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی نظر رکھی جائے گی۔