محرم الحرام مسلم امہ کیلئے قابل احترام مہینہ ، نواسہ رسول ؐنے دین اسلام کے احیا ء کیلئے لازوال قربانی پیش کی،چودھری شیر علی

امت مسلمہ کے اتحاد کو پارہ کرنے کیلئے برسرپیکار اسلام دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد ، یگانگت، مذہبی رواداری، اخوت کو قائم رکھنا ہوگا،وزیر معدنیات پنجاب

بدھ 7 اکتوبر 2015 19:25

کامرہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء) صوبائی وزیر معدنیات چودھری شیر علی نے کہا ہے کہ محرم الحرام مسلم امہ کے لیے انتہائی قابل احترام مہینہ ہے ۔ اس ماہ میں نواسہ رسول ؐنے دین اسلام کے احیا ء کے لیے لازوال قربانی پیش کی جس کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد ، یگانگت، مذہبی رواداری اور اخوت کو قائم رکھیں تاکہ امت مسلمہ کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لیے برسرپیکار اسلام دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جاسکے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہا ڈی سی او آفس اٹک میں محرم الحرام کے سلسلے میں منعقدہ اہم اجلاس میں سیکورٹی پلان کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ ڈی سی او اٹک چوہدری حبیب اﷲ، ڈی پی او اٹک کپٹن ریٹائرڈ عطا محمدخان ، ضلع بھر سے آئے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز، اور امن کمیٹیوں کے ممبران کے علاوہ ایس ڈی پی او ز بھی اجلاس میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او اٹک عطا محمد نے محرم الحرام کے دوران سیکورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سال محرم الحرام کے لیے فول پروف سیکورٹی پلان تیار کرلیا گیا ہے جس پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

تمام مجالس اور جلوسوں کا داخلی و خارجی راستہ ایک ہی رکھا جائے گا اور مقررہ روٹس اور اوقات کی سختی سے پابندی لازم قرار دی گئی ہے۔ ضلع بھر میں کسی بھی نئے مجلس یا جلوس کے انعقاد کی ہر گز اجازت نہیں ہوگی۔ جلسہ یا جلوس میں نعرے بازی ، اسلحہ کی نمائش، جلوس کے راستے پر موجود چھتوں کے استعمال اور وال چاکنگ پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ڈی پی او اٹک نے بتایا کہ لاؤڈسپیکر اور جلوس کے راستے پر موجود دکانیں کھولنے پر بھی پابندی ہوگی۔ ۔ فوج اور رینجرز کے دستے بھی سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ تمام جلوس و مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ریکارڈنگ کی جائے گی۔ جلوس کے شرکاء کو مکمل جامہ تلاشی کے بعد جلوس میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ جلوس کے ملحقہ راستوں کو مکمل طور پر سیل کردیا جائے گا۔

جلوس کے راستوں پر موجود عمارتوں کی چھتوں کا استعمال ممنوع ہوگا۔ جلوس کا خارجی اور داخلی راستہ ایک ہوگا جہاں شرکت کرنے والوں کو میٹل ڈیٹکٹر اور سکینرز کی ذریعے چیک کیا جائے گا۔ سیکورٹی اداروں کے علاوہ کسی کو بھی اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس موقع پرضلع بھر کے ٹی ایم اوز کو ہدایت کی گئی کہ وہ جلوس کے راستوں کی صفائی ، بجلی کی فراہمی، راستوں پر موجود بلڈنگ میٹریل کی ہٹانے کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔

علاوہ ازیں مجالس اور جلوس کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ کی صورت میں متبادل روشنی کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ محرم الحرام کے دوران ڈی سی او آفس اٹک میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جہاں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور متعلقہ محکموں کا ایک ایک نمائیندہ موجود ہوگا۔ صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی نے بتایا کہ جلوس کے شرکاء کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے محکمہ صحت کا عملہ اور ایمبولینسز بھی موجود رہیں گی۔

جلوس کے راستوں پر سٹریٹ لائیٹس کی فراہمی اور ضلعی و تحصیل سطح پر کنٹرول رومز کے قیام کو بھی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے علماء کمیٹیوں کے اراکین سے اپیل کہ وہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی کے قیام کے لیے اپنی خدمات کو یقینی بنائیں۔ اور آمدہ جمعہ کے خطبات میں اتحاد ویگانگت کا درس دیں۔اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علما ء کرام کی جانب سے متعدد تجاویز بھی پیش کی گئیں ۔