کاروباری ادارے مارکیٹ انٹیلی جنس ٹولز کا استعمال کر کے تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ دے سکتے ہیں ،عصام القرارہ

نجی شعبے کی استعداد کار کو بڑھانے میں یونیڈو چیمبروں کے ساتھ تعاون کرے، عاطف اکرام شیخ

بدھ 7 اکتوبر 2015 19:23

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء ) پاکستان میں یو نائیٹڈ نیشنز انڈسٹریل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (یونیڈو) کے نمائندے عصام القرارہ نے کہاہے کہ نجی شعبہ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار اد ا کر رہا ہے لہذ ا ضرورت اس بات کی ہے کہ یہ شعبہ مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں میں زیادہ مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لئے مارکیٹ انٹیلی جنس ٹولز کے استعمال پر خصوصی توجہ دے کیونکہ یہ ٹولز تاجر برادری اور کاروباری اداروں کو کاروبار کے نئے مواقع تلاش کرنے اور تجارت و برآمدات کو فروغ دینے میں بہت مفید ثابت ہوں گے ۔

وہ بدھ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں سے خطاب کر رہے تھے ۔ویانامیں یونیڈو کے انڈسٹریل ڈویلپمنٹ آفسیر مینئل البالادیجو نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تاجر برادری سخت مقابلے کے موجودہ ماحول میں جدید ڈیٹا پراسسنگ ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ڈپلوئمنٹ ٹیکنیکز سمیت مارکیٹ انٹیلی جنس ٹولز کو استعمال میں لا کر اپنے کاروبار کو بہتر انداز میں فروغ دے سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ عالمی سطح ُپر کاروبار کے میدان میں بڑھتی ہوئی مسابقت کے ماحول میں مارکیٹ انٹیلی جنس ٹولز سے بہتر آگاہی اور ان کا زیادہ استعمال پاکستان کے کاروباری حضرات کو عالمی معیار کے مطابق مصنوعات تیار کرنے اور عالمی مارکیٹ میں بہتر رسائی حاصل کرنے میں بہت مددگار ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مارکیٹ انٹیلی جنس ٹولزکی اہمیت کو تاجر برادری میں اجاگر کرنے کے لئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ تعاون کا یقین دلایا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ اانڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے ترقی پذیر ممالک کے کاروباری اداروں نے مربوط مارکیٹ انٹیلی جنس نظام کو اپنا کر حیرت انگیز نتائج حاصل کئے ہیں۔

انہوں نے یونیڈو پر زور دیا کہ وہ نجی شعبہ کی صلاحیتوں کو مذید بہتر بنانے کے لئے تربیتی پروگرام شروع کرنے میں پاکستان کے اہم چیمبرز سے تعاون کرے تاکہ وہ کاروبار کو فروغ دینے کے جدید طریقوں کو تاجر برادری میں متعارف کرا سکیں جس سے پاکستان کی معیشت کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبے میں مارکیٹ انٹیلی جنس ٹولز سمیت جدید بزنس پریکٹیسسز کا رواج بڑھانے کیلئے تربیتی پروگرامز منعقد کرنے، معلومات اور مہارت کا تبادلہ کرنے اور نجی شعبے کی استعداد کار کو بہتر کرنے کی کوششوں میں یونینڈو کا پاکستان کی ٹریڈ باڈیز کے ساتھ قریبی تعاون ملک میں کاروباری اداروں کی بہتر ترقی اور تجارت و برآمدات کے بہتر فروغ میں بہت مفید ثابت ہو گا۔

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ڈائریکٹر خالد رسول نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کی ان کا ادارہ ملک میں نجی شعبے کی استعداد کار کو بہتر کرنے کی کوششوں میں چیمبروں اور یونیڈو کی کوششوں کا بھرپور ساتھ دے گا تا کہ پاکستان کا نجی شعبہ کاروبار کے جدید طریقوں کو اپنا کر تیزی سے ترقی کرے جس سے ملکی تجارت و برآمدات میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

متعلقہ عنوان :