پالپانے مشروط طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا

پائلٹس کی وجہ سے کوئی پرواز منسوخ نہیں ہو گی،کمیٹی ہمارے تحفظات دور کرے،صدرپالپا عامر ہاشمی کا سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ میں بیان

بدھ 7 اکتوبر 2015 18:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء) پا کستان ایئرلائنز پائلٹس ایسوسی ایشن(پالپا) نے مشروط طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا جس پر کمیٹی نے ان کے مطالبات کی منظوری کیلئے دو دن کاوقت مانگا ہے جبکہ مطالبا ت پورے نہ ہونے پر پالپا نے دوبارہ احتجاج کی دھمکی دی ہے ۔ بدھ کو یہ اعلان سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ میں کیا گیا،پالپا کے صدر عامر ہاشمی نے کہا ہے کہ پائلٹس کی وجہ سے کوئی پرواز منسوخ نہیں ہو گی،کمیٹی ہمارے تحفظات دور کرے۔

بدھ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر طلحہ محمود کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی شجاعت عظیم، چیئرمین پی آئی اے سمیت دیگر حکام، سیکرٹری سول ایوی ایشن نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ لاجز میں ہونے والے اس اجلاس میں قائمہ کمیٹی نے تمام مطالبات و تحفظات سننے کے بعد پالپا سے درخواست کی کہ ملکی و عوامی وسیع تر مفاد میں غیر مشروط طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کریں تو کمیٹی اور پارلیمنٹ ان کا معاملہ حل کرنے کیلئے گارنٹی دے گی، تاہم پالپا کے صدر نے اس پر جزوی رضامندی کا اظہار کیا تو سینیٹر طلحہ محمود، سینیٹر کلثوم پروین اور سینیٹر کامل علی آغا نے بذات خود گارنٹی دی کہ پالپا کے اس معاملے کو حل کروائیں گے، احتجاج کے باعث عوام پس رہی ہے اور نجی کمپنیاں فائدہ اٹھا رہی ہیں اور ملک کی بدنامی ہو رہی ہے اس لئے پالپا اپنا احتجاج ختم کرے، جس پر پالپا کے صدر عامر ہاشمی نے غیر مشروط طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اب پائلٹس کی وجہ سے کوئی پرواز منسوخ نہیں ہو گی،قائمہ کمیٹی پالپا کے تمام تحفظات پر غور کرے اور انہیں دور کرے۔

متعلقہ عنوان :