نریندر مودی اور بھارتی ایجنسی را پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں؛رحمان ملک

بدھ 7 اکتوبر 2015 18:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتی ایجنسی را پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ امریکہ اور بھارت مل کر ہمارے خلاف حکمت عملی بنا رہے ہیں اور امریکہ کا جو بھارت سے پیار ہے وہ ہماری سمجھ میں نہیں آ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ ہم نے پاکستان کو توڑا ہے مگر اس پر کوئی جواب نہیں دیا جا رہا ہے ۔ رحمان ملک نے کہا کہ ہمیں امریکہ کے ساتھ بات کرنا ہو گی ۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہم نے دس ہزار لوگوں کی قربانی دی ہے جو اس جنگ میں شہید ہوئے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے ورلڈ فورم پر کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی دہشت گرد ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور را کی سازشوں کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں سامنے لائیں اور ان کو بے نقاب کرنا ہو گا