موسم سرما میں انڈسٹریزکو گیس کی بندش صنعتی مفاد کے خلاف ہے،ظہیر بھٹہ

گیس سے چلنے والی صنعتیں بند کرکے صنعتی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا صنعتوں کی بندش سے لاکھوں مزدور بے روزگار، صنعتکار پریشانی کا شکا ر ہونگے،فیصلہ پر نظر ٍثانی کی جائے،چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

بدھ 7 اکتوبر 2015 18:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ظہیر بھٹہ ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس و انڈسٹریز نے سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمٹیڈ کی جانب سے موسم سرما کیلئے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت موسم سرما کے دوران صنعتوں کو گیس کی فراہمی بند کرنے کے فیصلہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم سرما میں انڈسٹریز کو گیس کی بندش صنعتی مفاد کے خلاف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گیس سے چلنے والی صنعتیں بند کرکے صنعتی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا ۔صنعتوں کی بندش سے لاکھوں مزدور بے روزگار اورصنعتکار پریشانی کا شکار ہونگے اوراپنی پرڈاکٹس کیلئے قبل از وقت کیے گئے معاہدوں کے مطابق سپلائی مہیا نہیں کرسکیں گے جس سے انہیں بے پناہ مالی نقصانات بھی برداشت کرناپڑے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خالد افضل شیخ سینئر وائس چیئرمین ،نعمان حسین وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ظہیر بھٹہ نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ موسم سرما میں صنعتوں کو گیس کی سپلائی بند کرنے کے فیصلہ پر نظر ثانی کریں اور انڈسٹریز کو ان کی ضروریات کے مطابق گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ پاکستان کو صنعتی لحاظ سے ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کا خواب بھی پورا ہوسکے ۔

متعلقہ عنوان :