انوائرنمنٹ پروٹیکشن لیبارٹری کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے 30 ملین روپے خرچ کئے جائیں گے،سیکرٹری ماحولیات پنجاب

بدھ 7 اکتوبر 2015 17:52

لاہور۔7 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء) صوبائی سیکرٹری ماحولیات اقبال محمد چوہان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور اس کے نقصانات بارے عوام میں آگہی پیدا کرنے کیلئے محکمہ تحفظ ماحول ٹھوس بنیادوں پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماحول کی بہتری کیلئے فضا میں آلودگی کے تناسب کی مسلسل مانیٹرنگ کی ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے فضائی آلودگی ماپنے کیلئے قائم لیبارٹری کی استعداد کو بڑھانے کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2015-16 کے تحت 30ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔

انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر محکمہ کے تمام اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی سیکرٹری نے کہاکہ صوبہ میں فضا کی کوالٹی اور مانیٹرنگ کیلئے لاہور میں قائم کی گئی انوائرنمنٹ پروٹیکشن لیبارٹری کی استعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور اسے قومی سطح کے معیار تک لے جایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اقبال محمد چوہان نے اجلاس میں موجود افسران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو ماحولیاتی آلودگی کے نقصانات بارے آگہی فراہم کریں اور فضائی کوالٹی کا مسلسل جائزہ لیں۔

انہوں نے کہاکہ فضائی آلودگی کے خاتمے کیلئے مشترکہ طور پر موٴثر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ آلودگی کے خاتمے کیلئے صوبہ میں فضا کا معیار اور مانیٹرنگ کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا اور اس ضمن میں محکمے کے افسران کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ریفریشر کورسز بھی کرائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :