ٹیڈیپ کے تمام ریفنڈ کلیمز دسمبر2015ء تک ادا کردیئے جائیں گے،خرم دستگیر

بدھ 7 اکتوبر 2015 17:52

ملتان۔7 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء)وفاقی وزیرتجارت خرم دستگیر نے برآمدکنندگان کوخوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیڈیپ کے تمام ریفنڈ کلیمز دسمبر2015ء سے قبل ہی ادا کردیئے جائیں گے۔آل پاکستان بیڈشیٹ اینڈ اپ ہولسٹری مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے استقبالیہ سے یہاں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ جاپانی مارکیٹ تک رسائی کیلئے بات چیت کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنے دورہ جاپان میں ان معاملات پربات چیت کریں گے اور جاپانی منڈی میں پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی پہنچ کے لیے کام ہورہاہے۔ انہوں نے کہاکہ مصنوعات تیارکرنے والے اداروں کو بین الاقوامی سٹینڈرڈز اپنانے پر سبسڈی دی جاتی تھی اب کچھ تبدیلی کے بعد یہ پالیسی دوبارہ لارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

دنیا میں اس وقت معاشی میدان میں سخت مقابلہ کی فضاء ہے ۔

کوالٹی اور معیار کے بغیر کوئی آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھارت اوربنگلہ دیش سے بڑے چیلنجز درپیش ہیں، پاکستانی برآمدکنندگان کو چاہیے کہ وہ عالمی معیار کے مطابق کوالٹی کے سٹینڈرزکواپنائیں خصوصاً نئی ٹیکنالوجی اورڈ یزائن کے معاملے میں ہمارے ایکسپورٹرز کودنیا کے رجحان کواپناناہوگا۔ انہوں نے کہا کہ برآمدکنندگان سرٹیفکیشن اورسٹینڈرڈ کو بوجھ نہ سمجھیں بلکہ اس کواپنی طاقت بنائیں اوردنیا کوبتادیں کہ ہم عالمی معیار کواپنا کر ان کے ساتھ چل سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ کوئی بھی ایسوسی ایشن اداروں کی صلاحیت بڑھانے یانئی ٹیکنالوجی کواپنانے یا ٹریننگ پروجیکٹس کے لیے کام کرنا چاہیے تو ہم اس کی ہرطرح سے بھرپورمدد کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ امریکی کاٹن کی درآمد کے معاملے پر آپ اپنے مطالبات اور تحفظات کاڈرافٹ تیار کریں۔ وزیراعظم کے دورہ امریکہ میں اسے ٹریڈ ایجنڈے میں شامل کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں فوج کی امن وامان کی بحالی کے لیے بے مثال جدوجہد کے بعد اب بیرونی سرمایہ کار ملک میں آرہے ہیں اور ملک میں کھربوں کی سرمایہ کاری آرہی ہے، حکومت بھی اب دھرنا سیاست کے بعد سیاسی انتشار کی کیفیت سے باہر نکل رہی ہے۔اس موقع پر چیئرمین ملتان ڈرائی پورٹ ٹرسٹ احمد چغتائی نے کہاکہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے حوالے سے بہت سے مسائل سامنے آرہے ہیں اور ڈرائی پورٹ کوکسٹم اوردیگر بہت سے مسائل کاسامنا ہے۔

معروف صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بیڈشیٹ ایسوسی ایشن ویلیو ایڈڈ سیکٹر کی نمائندہ ہے جومختلف ٹیکسز خصوصاً امریکہ اور یورپی منڈیوں میں مال بھیجنے پر سخت مسائل کاشکارہے۔ قبل ازیں پاکستان بیڈشیٹ اینڈ اپ ہولسٹری مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید محمد عاصم شاہ نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایکسپورٹ پرفارمنس کے اضافے پر سبسڈی دیتے وقت روپے کی بجائے یورو کی قیمت کو مدنظررکھاجائے جاپان کے ساتھ یارن کی برآمد پرعائد 25فیصد ڈیوٹی کامعاملہ ترجیحی طورپر حل کرایا جائے