آل پاکستان ماربل نڈسٹریز ایسوسی ایشن(اپمیا) کے وفد کی پاسڈیک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات

وفد کی ماربل سیکٹر میں پاسڈیک کی کوششوں کی تعریف، بھرپور تعاون کا اظہار

بدھ 7 اکتوبر 2015 17:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء) آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن (اپمیا) کے وفد نے چیئرمین محمد شکیل منیر کی قیادت میں پاسڈیک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زاہد مقصود شیخ سے ملاقات کی اورماربل سیکٹر کی طرف سے انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وفد میں سینئر وائس چیئرمین اصغر خان اتمان خیل اورمیاں عبدالسمیع بھی شامل تھے ۔

وفد نے ملاقات میں ماربل سیکٹر کی ترقی کیلئے پاسڈیک کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اپنے بھر پور تعاون کااظہار کیا۔ چیئر مین اپمیا محمد شکیل منیر نے کہا کہ پاسڈیک اور ماربل سیکٹر ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ پاسڈیک ملک میں ماربل و گرینائٹ سیکٹرکی ترقی کیلئے قابل ذکر خدمات انجام دے رہا ہے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاسڈیک زاہد مقصود شیخ نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاسڈیک نے ماربل اور گرینائٹ سیکٹر کی ترقی کیلئے جدید مشینوں کے ذریعے کوائرنگ کو متعارف کرایا ہے جس سے عالمی معیار کے مطابق سکوائر بلاکس کی پیداوار حاصل ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

پاسڈیک ماربل اور گرینائٹ کی ترقی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔انہوں نے وفد کو بتایاکہ کوائرنگ کے علاوہ پروسیسنگ کے شعبہ میں بھی جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جارہی ہے اس سلسلے میں ملک کے مختلف علاقوں میں ماربل سٹی قائم کی جارہی ہیں جو اپنی نوعیت کی منفرد انڈسٹریل اسٹیٹس ہیں۔ماربل سٹی مہمند ایجنسی(فاٹا) پر کام جاری ہے جبکہ ماربل سٹی رسالپور تکمیل کے قریب ہے۔

ان انڈسٹریل اسٹیٹس میں ماربل انڈسٹری کے کارخانے لگیں گے جو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ماربل اور گرینائٹ کی ویلیوایڈڈ مصنوعات تیار کریں گے ۔ جس سے ماربل اور گرینائٹ کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا اور ملک کو کثیر زرمبادلہ حاصل ہوگا۔اس کے علاوہ ان علاقوں میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہونے سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔

متعلقہ عنوان :