الطاف حسین لندن پولیس کے سامنے پیش

پیر 5 اکتوبر 2015 15:20

الطاف حسین لندن پولیس کے سامنے پیش

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اکتوبر2015ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین خلاف منی لانڈرنگ کیس میں مدت ضمانت ختم ہونے پر لندن کے سدرک پولیس اسٹیشن پہنچ گئے ہیں جہاں وہ پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروائیں گے. ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو پولیس اسٹیشن کے پچھلے دروازے سے اندر لے جایا گیا. اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما محمد انور، فاروق ستار، بیرسٹر سیف اور دیگر رہنما بھی الطاف حسین کے ہمراہ پولیس اسٹیشن میں موجود ہیں.

(جاری ہے)

انٹرویو کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ الطاف حسین کی ضمانت میں توسیع کی جائے گی یا اُن پر فردِ جرم عائد کیا جائے گا. ایم کیو ایم قائد کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس اُس وقت شروع ہوا جب اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیو ایم کے مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں ایم کیوایم لندن سیکریٹریٹ سمیت مختلف گھروں پر 2012 میں چھاپے مارے، ان چھاپوں کے دوران 6 لاکھ پاؤنڈ برآمد ہوئے تھے. برطانوی پولیس کی جانب سے 3 جون 2014 کو الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کے الزامات میں نارتھ ویسٹ کے ایک گھر سے گرفتار کرکے سینٹرل لندن کے پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا.