بے نظیر بھٹو کے قتل سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا ، ملک میں قتل و غارت بڑھی ، 8 سال بعد امریکی صحافی مارک سہگل کا بے نظیر قتل کیس میں بیان ریکارڈ کرانا حیرت انگیز ہے ، فاروق ایچ نائیک مارک سہگل کے وکیل بنے ہوئے ہیں ، بے نظیر بھٹو کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی گئی ، مجھے ایجنسیوں نے بتا دیا تھا کہ بے نظیر کو طالبان سے خطرہ ہے ، آئی ایس آئی طاقتور ایجنسی ہے ہمیں اس پر فخر ہے، آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

پیر 5 اکتوبر 2015 00:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔4اکتوبر۔2015ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو کے قتل سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا اور ملک میں قتل و غارت بڑھی ، 8 سال بعد امریکی صحافی مارک سہگل کا بے نظیر قتل کیس میں بیان ریکارڈ کرانا حیرت انگیز ہے ، فاروق ایچ نائیک مارک سہگل کے وکیل بنے ہوئے ہیں ، بے نظیر بھٹو کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی گئی ، مجھے ایجنسیوں نے بتا دیا تھا کہ بے نظیر کو طالبان سے خطرہ ہے ۔

اتوار کو نجی ٹی وی کو دےئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ بے نظیر قتل سے کس کو فائدہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صحافی مارک سہگل ان لوگوں میں سے ہے جو پیسے لیکر جھوٹ کو سچ کر دیتے ہیں ، 8 سال بعد ان کا بے نظیر قتل کیس میں بیان ریکارڈ کرانا حیران کن ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء فاروق ایچ نائیک مارک سہگل کے وکیل بنے ہوئے ہیں ، مارک سہگل کے بیان ریکارڈ کرانے میں وکیل کی کیا ضرورت تھی ، دیکھنا ہوگا کہ اس کیس میں ٹارگٹ میں ہوں یا کوئی اور ۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر نے مجھ سے کہا تھا کہ مجھے تین شخصیات سے خطرہ ہے ، مجھے سیکیورٹی فراہم کی جائے ۔ پرویز مشرف نے کہا کہ 2009ء سے پہلے مجھے فون استعمال کرنا نہیں آتا تھا ، 2009ء کے بعد مجھے فون ملا اور میں نے اس کے استعمال کا طریقہ سیکھا ۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر کے قتل سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا اور ملک میں قتل و غارت بڑھی ۔ انہوں نے کہا کہ خالد شہنشاہ کے قتل کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں ، سابق صدر نے کہا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی کی وجہ سے بے نظیر کے ساتھ سمجھوتہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ایجنسیوں نے بتا دیا تھا کہ بے نظیر کو طالبان سے خطرہ ہے ، ہم نے انہیں بھرپور سیکیورٹی فراہم کی ۔ پرویز مشرف نے کہا کہ آئی ایس آئی طاقتور ایجنسی ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے ۔