Live Updates

وزیر اعظم نواز شریف انتخابی مہم میں شریک نہیں ہونگے،امید ہے وزیر اعلیٰ کی بھی ضرورت نہیں پڑیگی‘ خواجہ سعد رفیق،ہمیں بے نقاب کرنے کے شوقین عمران خان نے اپنی سیاست کو بے لباس کر لیا ،لوگوں نے ہمیں کام کیلئے ووٹ دئیے کرنے دیا جائے ،خیبر پختوانخواہ کے وزیر اعلیٰ سرکاری ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کر رہے ہیں ،بتایا جائے ملک کے وزیر اعظم کو امریکہ رکشے یا سکوٹر پر بھیجیں یا پیدل ہی روانہ کر دیں ‘ وفاقی وزیرریلوے کی عابد شیر علی اور سردارایاز صادق کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس

پیر 5 اکتوبر 2015 00:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف این اے 122کی انتخابی مہم میں شریک نہیں ہوں گے اور امید ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی ،ہمیں بے نقاب کرنے کے شوقین عمران خان نے اپنی سیاست کو بے لباس کر لیا ہے ،خیبر پختوانخواہ کے وزیر اعلیٰ سرکاری ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کر رہے ہیں بتایا جائے ایک ملک کے وزیر اعظم کو امریکہ رکشے یا سکوٹر پر بھیجیں یا پیدل ہی روانہ کر دیں ،عمران خان ہمیں مینا پاکستان پر جلسہ کرنے کا چیلنج دیتے ہیں لیکن انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ ان کی پیدائش سے پہلے ہم نے مینا رپاکستان پر بڑے جلسے کئے ہیں،ہمیں لوگوں نے کام کے لئے ووٹ دیا ہے اور ہمیں کام کرنے دیا جائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے لاہورپریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی اور این اے 122سے امیدوارسردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ الزامات اور دھمکیاں عمران خان کا انتخابی نشان بن چکاہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امپائر پاکستان کے عوام ہیں،امپائر بدلناعمران خان کاطرہ امتیاز ہے ، دھرنوں کے دوران عمران خان نے ایک امپائر کی بات کی ، انکوائری کمیشن کے دوران دوسر ے امپائر کی بات کی اور آج کل تیسرے امپائر کو آواز دے رہے ہیں۔

عمران خان بیساکھیاں تلاش کرنے کی بجائے اپنے قوت بازو پر انحصارکریں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں کام کرنے کے ووٹ ملیں گے جبکہ پی ٹی آئی کے لوٹے ہوئے نوٹ ہار جائیں گے ۔ عمران خان نے الزام لگایا ہے کہ ہم نے خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کا پروگرام بنایا ہم بتانا چاہتے ہیں کہ (ن) لیگ کیساتھ جو خواتین وابستہ ہیں وہ ویلیوز رکھنے والی خواتین ہیں جبکہ 2013ء کے انتخابات میں پی ٹی آئی نے جن خواتین کو بھیجا تھا وہ عجیب ہی مخلوق تھی اور سمجھ نہیں آرہی تھی کہ ان کے ساتھ کیسے ڈیل کیا جائے ۔

ہم خواتین کا احترام کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جس شخص کو ٹکٹ دیا ہے وہ پارٹی انتخابات میں پیسے کے زور پر ٹکٹ خریدنے میں مشہورہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیں حکم امتناعی کا طعنہ دیتے ہیں لیکن ان کے صوبے کے وزیر زراعت 2014سے حکم امتناعی پر ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے چھ اراکین اسمبلی حکم امتناعی کے ذریعے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب عمران خان انٹر نیشنل آوارہ گرد تھے ہم اس وقت جیلیں کاٹا کرتے تھے ۔ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں پر پتھر نہ پھینکیں ۔ آپ جو کارروائیاں کرتے تھے وہ بھی سب کو پتہ ہیں اب آپ بڑ ے ہو جائیں ۔ ہمارے بڑوں نے آمریتوں کوچیلنج کیا ۔ لاہوریوں کو پتہ ہے کہ میں چھپنے والا شخص نہیں ہوں ۔ عدلیہ تحریک کے دوران کون اسلام آبادمیں چھپا ہوا تھا ۔

پنجاب یونیورسٹی میں کس نے چھپن چھپائی کھیلی سب کو پتہ ہے ،آپ تو کنٹینر پر کھڑے ہو کرڈرتے تھے کہ کہیں گرفتار نہ کرلیا جاؤں اور ہم آپ کو کہتے تھے نہیں گرفتار کریں گے بلکہ آپ کو تو حوصلہ دینا بھی ہماراکام تھا ۔ انڈر گراؤنڈ ہونا اور چھپنا عمران خان کا طرہ امتیاز ہے ہمارانہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے انکم ٹیکس کی بات کی ہے بتائیں آپ تین سو کنال کے گھر میں رہتے ہیں آپ نے اس سال کتنا ٹیکس دیا ہے قوم کو اس کا جواب دیں ۔

میں دو کنال کے گھر میں رہتاہوں اور میں نے 29لاکھ روپے ٹیکس دیاہے۔ نواز شریف نے 42لاکھ روپے ٹیکس دیا جس میں 19لاکھ انکم ٹیکس اور 23لاکھ زرعی ٹیکس ہے ۔ آپ ملائکہ یا مقدس گائے نہیں آپ قوم کو اپنے ٹیکس کے بارے میں بتائیں۔عمران نے کہاہے کہ نوازشریف 777پر امریکہ جار ہے ہیں۔ حال ہی میں نواز شریف 12نشستوں والے جہازپر امریکہ گئے اور ماہرین نے اتنے لمبے سفر کیلئے اس جہاز کو خطرناک قراردیاتھا۔

گزشتہ دنوں شہباز شریف کے جہاز نے ہچکولے کھائے اوراوراللہ تعالیٰ نے انہیں زندگی دی وہ پرانا جہاز استعمال کر رہے ہیں اور اس پر پیسے خرچ نہیں کر رہے۔بتاؤ کیا ایک ملک کے وزیر اعظم کوسکوٹر یا رکشے پر امریکہ بھیج دیں یا پیدل ہی روانہ کردیں۔خیبر پختوانخواہ کے وزیر اعلیٰ سرکاری ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کررہے ہیں آپ خود جہانگیر ترین کاطیارہ ملک بھر میں اڑاتے پھرتے ہیں جبکہ نواز شریف کے پاس تو ایک منتخب پوزیشن ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف انتخابی مہم میں نہیں آئیں گے اگر ضرورت پڑی تو شہباز شریف حصہ لیں گے لیکن امید ہے کہ اسکی بھی ضرورت نہیں پڑے گی۔سردار ایازصادق نے کہاکہ پی ٹی آئی کے چیئرمین کا یونین کونسل کی سطح پر آنا ثابت کرتاہے اس طرف حالات اچھے نہیں۔ عمران خان نے پہلے بھی نتائج کو نہیں ماناتھا اور گیارہ اکتوبر کے بعد بھی نہیں مانگیں گے لیکن عمران خان کی قسمت میں روناہی ہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات