لالو پرساد کا گائے کے گوشت کے حوالے سے بیان ہندوؤں کو بدنام کرنے کا سبب ہے ‘لالو پاگل ہو گئے ‘ہندو گائے پالنے والے کبھی گائے نہیں کھاتے‘ ووٹ کیلئے ہندو ؤں کو بدنام نہ کریں‘الفاظ واپس لیں نہیں تو ان کے گھر سے تحریک شروع کر ونگا،گائے کے گوشت کے متعلق بیان دینے پر بی جے پی کے رہنما راجیو پرتاپ روڈھ ‘گری راج سنگھ لالو پرساد پر برس پڑے

اتوار 4 اکتوبر 2015 23:34

پٹنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔4اکتوبر۔2015ء) بھارتی ریاست بہار میں اسمبلی انتخابات سے قبل راشٹریہ جنتا دل کے صدر اور بہار کے سابق وزیراعلی لالو پرساد یادیو کے گائے کے گوشت کے متعلق بیان کو بی جے پی نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ لالو پرساد نے ایک بیان میں سوال کیا تھا کیا ہندو گائے کا گوشت نہیں کھاتے۔ جو بیرون ممالک جاتے ہیں وہ بیف کھا رہے ہیں کہ نہیں؟ اپنے آپ کو ہندو کہنے والے بھی تو بیف کھا رہے ہیں۔

جو گوشت کھاتے ہیں ان کے لیے گائے اور بکرے کے گوشت میں کیا فرق ہے۔ انہوں نے کہا بی جے پی گائے کے گوشت کا بہانہ بنا کر ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانا چاہتی ہے۔ بی جے پی کے رہنماؤں نے لالو پرساد کے اس بیان کو بنیاد بنا کر انھیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

بی جے پی کے رہنما گری راج سنگھ نے اسے ہندوؤں کو بدنام کرنے والا بیان قرار دیا ہے۔

گری راج نے ٹویٹ کیا لالو بورا (پاگل ہو) گئے ہیں، ہندو گائے پالنے والے کبھی گائے نہیں کھاتے۔ ووٹ کے لیے ہندو کو بدنام نہ کریں۔ (اپنے) الفاظ واپس لیں نہیں تو ان کے گھر سے تحریک شروع کر دوں گا۔مرکزی وزیر راجیو پرتاپ روڈھ نے بھی اس بیان پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے اسے ہندوؤں کے عقیدے پر ضرب سے تعبیر کیا ہے۔بی جے پی کے حملے کے بعد لالو نے وضاحت دی ہے کہ بیف کا مطلب گائے کاگوشت نہیں ہوتا ہے۔ انھوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے گوشت نہ کھانے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ بقول ان کے گوشت کھانے سے بیماری ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :