Live Updates

عوامی خد مت مشن ہے،جب تک جان میں جان ہے عوام کی بے لوث خدمت کرتارہوں گا، ( ن) لیگ خدمت کی سیاست کوعبادت سمجھتی ہے،پنجاب کے عوام کی گزشتہ 7برس کے دوران بے لوث خدمت کی ہے ، وزیراعظم کی قیادت میں توانائی کی کمی پر قابو پانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مراعات دینے کی پالیسی سے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اراکین اسمبلی کے وفد سے گفتگو

اتوار 4 اکتوبر 2015 20:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔4اکتوبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے۔کوئی لمحہ ضائع کیے بغیرتوانائی کے منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام جاری ہے اورحکومت ملک کو درپیش توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے سنجیدگی سے کاوشیں کررہی ہے ،یہی وجہ ہے کہ روایتی ذرائع کے ساتھ متبادل ذرائع سے بھی توانائی کے حصول پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔

توانائی کے شعبے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مراعات دینے کی پالیسی سے اس شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھے ہیں۔وہ اتوار کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کے اراکین اسمبلی اورعہدیداروں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت ملک و قوم کو اندھیروں سے نکال کر روشنی میں لانے اور ملک کے قریہ قریہ کوروشن کرنے کیلئے مخلصانہ کاوشیں کررہی ہے کیونکہ تیزرفتار صنعتی ترقی،تجارتی وکاروباری سرگرمیوں کے فروغ اورزراعت کے شعبے کی بہتری کیلئے توانائی بحران کا جلد خاتمہ ناگزیر ہے۔

اسی لئے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت اس جانب تیزرفتاری سے آگے بڑھ رہی ہے اورپنجاب میں سمال ہائیڈل،کوئلے ،سولر اور گیس کی بنیاد پر بجلی کی پیدوار بڑھانے کے متعدد منصوبوں پر کام کیاجارہا ہے ۔ساہیوال میں کوئلے کی بنیاد پر 1320میگاواٹ بجلی کے حصول کے منصوبے پر دن رات کام کیا جارہا ہے اوراس منصوبے سے 2017ئمیں بجلی کا حصول شروع ہو جائے گا ۔

پنجاب میں گیس سے بجلی کی پیداوارکے کارخانے بھی لگائے جارہے ہیں،جس کے تحت گیس سے 1200میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا کارخانہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے لگارہی ہے جبکہ وفاقی حکومت 1200,1200میگاواٹ کے دو کارخانے لگائے گی۔انہوں نے کہا کہ قوم کا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے ۔کوئی وقت ضائع کیے بغیر توانائی کے منصوبوں پرکام کیا جارہا ہے۔ انشاء اللہ 2017ء کے آخر تک توانائی کے متعدد منصوبے مکمل ہوچکے ہوں گے اور ان منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی جس سے توانائی بحران میں بہت حد تک کمی واقع ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ توانائی بحران میں کمی لانا پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا مشن اورایجنڈا ہے جس کی تکمیل کیلئے اس نے دن رات ایک کررکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں شفافیت،اعلی معیار اوربرق رفتاری سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا کلچر متعارف کروایا ہے اوردیگر ترقیاتی منصوبوں کی طرح توانائی کے منصوبے بھی اسی پالیسی کے تحت پایہ تکمیل تک پہنچائے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تیزرفتار صنعتی ترقی،تجارتی وکاروباری سرگرمیوں کے فروغ اورزراعت کی بہتری کیلئے توانائی بحران کا جلد خاتمہ ناگزیر ہے اوروزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ہماراہر قدم اس جانب اٹھ رہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست کوعبادت سمجھتی ہے اورعوام کی بے لوث خدمت ہی ہمار ا نصب العین ہے۔پنجاب کے عوام کی گزشتہ 7برس کے دوران بے لوث خدمت کی ہے اورعوامی خدمت کا یہ سفر جاری وساری رہے گا اورجب تک جان میں جان ہے عوام کی خدمت کرتارہوں گا۔

اراکین اسمبلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت اورحکومت کی توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے جاری مخلصانہ کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی۔انشا ء اللہ ملک سے توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا۔اراکین اسمبلی نے وزیر اعلی محمد شہباز شریف کو صوبے کے عوام کے لئے شاندار اقدامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی شہباز شریف نے فلاح عامہ کے لئے دن رات ایک کررکھا ہے اوران کے بہترین اقدامات کی ستائش ناصرف ملکی بلکہ بیرون ملک بھی کی جاتی ہے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات