وفاقی وزیرِداخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے کا انسانی سمگلر کے خلاف آپریشن جاری ہے، ترجمان

اتوار 4 اکتوبر 2015 20:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔4اکتوبر۔2015ء)وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت پر ایف آئی اے کا انسانی سمگلرز اور غیر قانونی طور پر شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے میں ملوث عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے ،گزشتہ ہفتے کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث مزید چھبیس (26 (افراد گرفتارکر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

اتوار کو وزارت داخلہ کے ترجمان کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق گرفتار شدگان سے سینکڑوں کی تعداد میں شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات برآمدہوئے ہیں جبکہ گرفتار کئے گئے افراد کا تعلق لاہور، گوجرانوالا، گجرات، ملتان اور فیصل آباد سے ہے۔ترجمان نے بتایا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصراور ٹریول ایجینٹس کے خلاف جاری مہم میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اب تک پچاس سے زائدایجنٹس گرفتار کئے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی ہے کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف مہم کا دائرہ کار وسیع کرکے اس میں مزید تیزی لائی جائے۔ترجمان نے بتایا کہ وزیرِداخلہ نے ایف آئی اے کو ہدایت میں کہا ہے کہ معصوم لوگوں کی مجبوریوں کا ناجائز فائدہ اٹھانے والے اورضرورت مندوں کا استحصال کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔