کوہاٹ ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ اور خطرناک انداز ڈرائیونگ کی حوصلہ شکنی کا منصوبہ تیار کر لیا

اتوار 4 اکتوبر 2015 18:13

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء ) کوہاٹ ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ اور خطرناک انداز ڈرائیونگ کی حوصلہ شکنی کا منصوبہ تیار کر لیا ہے جبکہ قانون کی خلاف ورزیوں پرساڑھے تین ہزار گاڑیوں کا چالان کرکے لاکھوں روپے جرمانے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرادی گئی ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ محمد صہیب اشرف کی خصوصی ہدایت پر ٹریفک پولیس کے انچارج اکبر خان نے ٹکٹنگ آفیسرز کے ہمراہ ماہ ستمبر کے دوران شہر کے مختلف روٹس پر چلنے والی چھوٹی بڑی ،مال بردار ، پرائیویٹ اور سکول ڈیوٹی والی گاڑیوں کے3508 ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پرچالان کرکے ان سے مجموعی طور پر سات لاکھ نوے ہزار پانچ سو روپے کا جرمانہ اکٹھا کرکے قومی خزانے میں جمع کرادیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح شہر کے مختلف مقامات پر قائم غیر قانونی اڈوں کا خاتمہ کر کے ٹریفک مسائل پر کافی حد تک کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ سمیت خطرناک کرتب دکھانے والے سینکڑوں منچلے نوجوانوں کو گرفتار کرکے انکے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔انچارج ٹریفک کے مطابق ضلع بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف مہم میں زیادہ تر کاروائیاں کمسن وبغیر لائسنس ڈرائیونگ،غلط پارکنگ ،اوور ٹیکنگ ،اوور لوڈنگ ،سکول ڈیوٹی والی گاڑیوں میں آلات موسیقی اورمسافر گاڑیوں میں اضافی جنگلے اور پائیدانوں کے استعمال پرعمل میں لائی گئی ہیں۔

انہوں نے موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ اور خطرناک انداز میں ڈرائیونگ کرنے والے نوجوانوں اور انکے والدین کو خبر دار کیا ہے کہ موت کے اس کھیل کو روکنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اورجہاں بھی سٹہ بازی وشرط باندھنے کیلئے موٹر سائیکل ریس منعقد ہوگی ان سڑکوں کو خار دار تار بچھا کربند کیا جائیگا جبکہ ریس میں حصہ لینے والے افراد کو گرفتار کرکے انکے خلاف مقدمات کے اندراج سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا جس میں تمام تر نقصان کی ذمہ داری خلاف ورزی کے مرتکب افراد پر عائد ہوگی۔

متعلقہ عنوان :