کالاباغ ڈیم پختونوں کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے یہ کسی صورت قابل قبول نہیں،مسلم لیگ کی حکومت کالا باغ ڈیم کے مسئلے کو سیاسی سکورنگ کیلئے استعمال کر رہی ہے ، منڈا ڈیم کی تعمیر سے نہ صرف سیلاب کے خطرات میں کمی آئے گی بلکہ پانی ذخیرہ کرنے اور بجلی کی پیداوار میں بھی اضافہ ہو گا،قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ کا بیان

`

اتوار 4 اکتوبر 2015 18:09

iپشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء ) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ کالاباغ ڈیم پختونوں کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اور یہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔اپنے ایک بیان میں انھوں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت کالا باغ ڈیم کے مسئلے کو سیاسی سکورنگ کے لئے استعمال کر رہی ہے اور اس متنازعہ ایشوپروفاقی حکومت سیاسی مہم جوئی کے ذریعے ایک ناکام کوشش کر رہی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کے خلاف صوبہ خیبر پختونخو،سندھ اوربلوچستان اسمبلیوں کی طرف سے متفقہ قراردیں منظور ہو چکی ہیں لہٰذا اس قسم کے متنازعہ ایشوکو بار بار اٹھانے سے فیڈریشن کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔انھوں نے کہا کہ اس منصوبے پر ملک کی تین اکائیوں کے شدید تحفظات ہیں اور اس مسئلے کو بار بار اٹھانے سے عوام میں نفرت اور مایوسی بڑھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کا مسئلہ ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہو چکا ہے لیکن مسلم لیگ کی حکومت اس مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے جوکہ خطرناک عمل ہوگا۔انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو کسی بھی سطح پر ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے اور یہی وجہ ہے کہ عوام ان سے اکتا چکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس قسم کے ایشوز اچھال کر عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا چاہتی ہے۔

آفتاب شیرپاؤ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے منڈا ڈیم منصوبے کو پس پشت ڈال دیا ہے جو کہ پختونوں کی سماجی ومعاشی ترقی میں ممد ثابت ہو سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت نے منڈا ڈیم کیلئے پی ایس ڈی پی میں جو فنڈمختص کی ہے یہ ان کی عدم دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ منڈا ڈیم منصوبے کو اولیت دیتے ہوئے اس کیلئے خاطر خواہ رقم مختص کیا جائے ۔انھوں نے کہا کہ منڈا ڈیم کی تعمیر سے نہ صرف سیلاب کے خطرات میں کمی آئے گی بلکہ پانی ذخیرہ کرنے اور بجلی کے پیداوار میں بھی اضافہ ہو گا۔