حکومت ڈینگی کی وباء کو شکست دینے کے لئے پرعزم ہے‘ خواجہ سلمان رفیق

لاہور کی طرح راولپنڈی اور ملتان میں بھی ڈینگی کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا،ڈینگی کے خلاف مہم میں عوامی شرکت ناگزیر ہے،بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے‘ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت

اتوار 4 اکتوبر 2015 18:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت ڈینگی کی وباء کو شکست دینے کے لئے پرعزم ہے اور لاہور کی طرح راولپنڈی اور ملتان میں بھی ڈینگی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا،ڈینگی کے خلاف مہم میں بھرپور عوامی شرکت ناگزیر ہے لہذا لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر آگاہی مہم چلائی جائے اور سرکاری محکمے انسداد ڈینگی کے اقدامات جنگی بنیادوں پر کریں۔

انہوں نے یہ بات وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈینگی کی روک تھام کے سلسلے میں ملتان کے دورہ کے موقع پر کہی۔خواجہ سلمان رفیق نے ڈینگی کی روک تھام کے سلسلے میں ڈی سی او آفس،سرکٹ ہاؤس کے علاوہ شیر شاہ ٹاؤن اور بوسن ٹاؤن کی ایمرجنسی رسپانس کمیٹیوں کے اجلاسوں کی صدارت کی۔

(جاری ہے)

جن میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف، سیکرٹری خوراک پرویز اکبر،سیکرٹری آبپاشی کیپٹن(ر)سیف انجم،ڈی سی او ملتان زاہد سلیم گوندل،ای ڈی او ہیلتھ اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ گھر گھر جا کر ڈینگی کے بارے آگاہی فراہم کی جائے۔سکولوں ،کالجوں اور دیگر مقامات پر واکس منعقد کی جائیں اور احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس لوگوں میں تقسیم کئے جائیں۔خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ پارکوں میں پودوں اور جھاڑیوں کی کانٹ چھانٹ کی جائے اور قبرستانوں میں پرندوں کے لئے رکھے گئے پانی کے برتن ختم کئے جائیں اور ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔

خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کہ اندھا دھند کارپٹ سپرے نہ کیا جائے بلکہ جہاں لاروا یا ڈینگی مچھر موجود ہو وہاں فوکنگ کی جائے کیونکہ ضرورت سے زیادہ سپرے نا صرف انسانی صحت کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ ایکو سسٹم کے لئے بھی نقصان دہ ہوتا ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صرف ان پرائیویٹ ہسپتالوں کو ڈینگی کے علاج کی اجازت دی جائے جہاں ڈاکٹرز نے ڈینگی مریضوں کے علاج کی تربیت ڈینگی ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ سے حاصل کی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر تربیتی یافتہ ڈاکٹرز ڈینگی کے کیسر بگاڑنے کے بعد سرکاری ہسپتالوں میں ریفر کر دیتے ہیں جن کے علاج میں مشکلات پیش آتی ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ تمام محکمے،ضلعی حکومتیں،واسا،پی ایچ اے،ٹی ایم ایز منظم طریقہ سے انسداد ڈینگی کے اقدامات جنگی بنیادوں پر جاری رکھیں۔دریں اثناء مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ڈینگی ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ کے چیئرمین اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر فیصل مسعود کے ہمراہ نشتر ہسپتال کے ڈینگی وارڈ کا دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔

پروفیسر فیصل مسعود نے ڈینگی بخار کے مریضوں کے علاج معالجہ کے سلسلہ میں پیشنٹ مینجمنٹ اور علاج کے لئے طے شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر کامران سالک،ایم ایس ڈاکٹر عاشق حسین اور ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر افتخار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پروفیسر فیصل مسعود نے کہا کہ ڈینگی ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز ڈینگی مریضوں کی پیشنٹ مینجمنٹ کی تربیت ڈینگی مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور نرسز کو فراہم کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ ڈینگی مریضوں کے علاج کے سلسلہ میں ڈینگی ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ کی جانب سے فراہم کردہ گائیڈ لانئز اور ایس او پیز پر 100 فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اور ملتان کے ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات اور خصوصی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سرکاری محکموں کی جانب سے کئے گئے انسداد ڈینگی کے اقدامات کے نتیجے میں صورتحال پر جلد قابو پالیا جائے گا۔