لاہور ڈویژن کے صوبائی سطح کے ہسپتالوں ، وی ٹی آئیزاور تحصیل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کو 15کروڑ 18لاکھ روپے جاری

صوبائی سطح ہسپتالوں کو 6کروڑ 31لاکھ ، وی ٹی آئیز کو 8کروڑ 31لاکھ اور تحصیل و ضلعی ہیڈکوارٹرزہسپتالوں کو 55لاکھ 28ہزار دئیے گئے جاری کردہ چیکس ششماہی قسط ، دوسری قسط 6ماہ بعد جاری کی جائے گی ہسپتالوں کے ایم ایس علاج کے لیے آنے والے مستحقین سے اچھا برتاؤ کریں، علاج میں کوئی کسر نہ اٹھارکھیں،حکومت معاشرے کے غریب اور نادار افراد کو مفید شہری بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کررہی ہے، مخیر حضرات بھی آگے آئیں‘ملک ندیم کامران

اتوار 4 اکتوبر 2015 18:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء) محکمہ زکوٰۃ و عشر نے لاہور ڈویژن کے صوبائی سطح کے ہسپتالوں ، ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس، اور تحصیل و ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کو 15کروڑ 18لاکھ35ہزار روپے کی ششماہی قسط کے چیکس جاری کر دیے گئے ہیں ۔ صوبائی وزیرزکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران کی زیر صدارت منعقدہ تقریب میں چیکس تقسیم کیے گئے ۔

اس مو قع پررکن قومی اسمبلی وحید عالم خان، سیکرٹری زکوۃ و عشر حبیب الرحمن گیلانی، مینیجنگ ڈائریکٹرپنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل ساجد نصیر خان، چیئرمین ضلعی زکوٰۃ کمیٹی لاہور نوید انجم کے علاوہ دیگر معززین بھی موجود تھے۔لاہور کے صوبائی سطح کے 19ہسپتالوں کو6 کروڑ 31لاکھ 50ہزار ،لاہور ڈویژن کے 23ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کے پرنسپل صاحبان کو جن میں لاہور کے 11، شیخوپورہ کے 5، ننکانہ صاحب کے 3، قصور کے 4 ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس شامل ہیں کو 8کروڑ 31لاکھ، 57ہزار 7سو روپے جبکہ لاہور ڈویژن کے 14تحصیل و ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو جن میں لاہور کے چھ ، ننکانہ صاحب کے دو ،قصور کے چار، اور شیخوپو رہ کے دو ہسپتال شامل ہیں کو 55لاکھ 28ہزار 2سو 54روپے کے چیکس دئیے گئے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرزکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کی روشنی میں معاشرے کے نادار غریب اور محروم طبقوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنامحکمہ زکوۃ و عشر کی اولین ترجیح ہے اور ا س ضمن میں تمام توانائیاں اور وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔صوبائی وزیر نے کہاکہ محکمہ زکوٰۃ و عشر مستحقین ِزکوٰۃ ، بے سہارافراد ، بیوہ خواتین ، یتیم بچوں اور مفلوک الحال افراد کو ہر سال مختلف مدات میں مالی امداد فراہم کر رہا ہے جس سے مستحق افراد کو گزارہ الاؤنس اور ان کے بچوں کو عصری ، دینی و فنی تعلیم کی فراہمی، علاج معالجہ کی مفت سہولیات اور شادی گرانٹ فراہم کی جارہی ہے ۔

ملک ندیم کامران نے کہا کہ پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے زیر انتظام ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں زیر تعلیم مستحق طلباء وطالبات کے تعلیم و تربیت مکمل کرنے کے بعد مستقل بنیادوں پر بحالی کے لیے جامع خود روزگارسکیم تیار کی ہے جس کے تحت زکوٰۃ فنڈز سے دولاکھ روپے تک ناقابل واپسی مالی امداد فراہم کی جارہی ہے تاکہ وہ ہنر سیکھ کر اپنا کاروبار شروع کرکے نا صرف اپنا روزگار کما سکیں بلکہ دوسروں کے لیے روزگار کی فراہمی کا ذریعہ بن سکیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت معاشرے کے غریب اور نادار افراد کو مفید شہر ی بنانے کے لیے بھر پور کوششیں کر رہی ہے مگر اس سلسلہ میں مخیر حضرات کو بھی آگے ا ٓ کر حکومت کا ہاتھ بٹانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ غرباء اور مستحقین کی مالی معاونت کا بہترین زریعہ ہے جس سے انہیں معاشرے کا کارآمد اور مفید شہری بنایاجارہاہے۔ انہوں نے ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان پر زور دیا کہ وہ غریب اور مستحقین کے علاج معالجہ میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں ۔

انہو ں نے کہا کہ ہسپتالوں کو زکوٰۃفنڈز سے دی گئی امداد پر صرف اور صرف مستحقین کا حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاج معالجہ کے لیے ہسپتال آنے والے مستحقین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں ااور انہیں یہ احساس نہ ہونے دیں کہ ان پر کوئی احسان کیا جا رہاہے ۔

متعلقہ عنوان :