ایچی سن کالج کے بورڈ آف گورنرز کا گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی زیر صدارت اجلاس

کالج کے سابق پرنسپل کی طرف سے قانونی کاروائی کرنے کے حوالے سے ہائی کورٹ کے کیس کی پیشرفت پر بریفنگ

اتوار 4 اکتوبر 2015 18:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء) ایچی سن کالج کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس گذشتہ روز گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی زیر صدارت گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوا جس میں کالج کے انتظامی ، مالی اور سکیورٹی کے متعلقہ معاملات کا تفصیلاً جائزہ لیا گیا۔ ممبران بورڈ کو کالج کی سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلاً رپورٹ پیش کی گئی اور اب تک اٹھائے گئے سکیورٹی کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں کالج کی سکیورٹی کو مزید بہتر اور طلبہ اور والدین کی سہولت میں مزید اضافے کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کالج کے سابق پرنسپل کی طرف سے قانونی کاروائی کرنے کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کے کیس کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ بورڈ آف گورنرز کے ارکان نے سابق پرنسپل کی طرف سے کالج کے خلاف میڈیا کمپئین شروع کرنے پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور کہا کہ ارکان نے سابق پرنسپل کو نکالنے کا فیصلہ اکثریت سے کیا تھا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ایچی سن کالج ملک کی عظیم اور شاندار روایات سے مزیں درسگاہوں میں سے ایک درسگاہ ہے اس کے اعلیٰ تعلیمی معیار اور اس کی شاندار روایات کے وقار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔