لاہور اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز میں انسداد ڈینگی مہم تیزی سے جاری ہے‘اسسٹنٹ کمشنر کینٹ

تمام متعلقہ ادارے ان اور آؤٹ ڈور سرویلنس سمیت طے شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں‘ راؤ امتیار احمد

اتوار 4 اکتوبر 2015 18:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء) اسسٹنٹ کمشنر کینٹ راؤ امتیاز احمد نے کہا ہے کہ رواں ماہ ڈینگی مچھر کی افزائش اور وباء کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،تمام متعلقہ ادارے لاہور اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز کے ہائی رسک اور ریڈ الرٹ ایریاز میں ان اور آؤٹ ڈور سرویلنس باقاعدگی سے جاری رکھیں ،گھروں،تعلیمی اداروں کی چھتوں سمیت تمام کمرشل وپبلک مقامات پر بارشی پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور ڈینگی کے تدارک کے لئے حکومت پنجاب کے طے شدہ لائحہ عمل (ایس او پیز) پر سختی سے عملدرآمد کریں۔

انہوں نے یہ بات ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی لاہور اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نعمان جمیل،ڈپٹی ڈی او(ہیلتھ) کینٹ ڈاکٹر احسن اقبال،سینئر انٹامالوجسٹ ڈاکٹر سعید الرحمن کے علاوہ تعلیمی اداروں کے پرنسپلز،ہیڈ ماسٹرز سمیت ڈی ایچ اے،آرمی ایریاز،محکمہ فشریز،کوآپریٹو،تعلیم اور صحت کے متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اے سی کینٹ راؤ امتیاز نے کہا کہ 15 اکتوبر تک کینٹ کے تمام علاقوں میں ڈینگی سیزن عروج پر ہونے کی وجہ سے تمام ادارے انتہائی الرٹ رہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر قبرستانوں، پارکوں، ٹائر شاپس، کباڑخانوں، تالابوں اور ایسے تمام رہائشی علاقوں میں ڈینگی مچھر پر گہری نظری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں صفائی کے انتظامات پر خاص توجہ دی جائے۔

زیروپیریڈ کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے ڈینگی سپرے پر پابندی کے حوالے سے دی جانے والی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اینٹی ڈینگی ریگولیشنز پر عملدرآمد نہ کرنے والے افراد کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں کیونکہ انسانی جانوں کی حفاظت کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔اجلاس میں انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات،نوٹسز کے اجراء اور آگہی مہم میں پیش رفت بارے شرکاء کو آگاہ کیاگیا۔

متعلقہ عنوان :