محتسب پنجاب کا 2012 ء سے زیر التوا فیکٹری ورکر کی ڈیتھ گرانٹ کا چیک تین ماہ کے اندر جاری کر نے کا حکم

ویلفیئر بورڈ صنعتی کارکنوں کے لواحقین کو قانونی موشگافیوں میں الجھانے کی بجائے سہولیات پیدا کرےٍبورڈ کی جانب سے جملہ بہن بھائیوں کی بجائے صرف والدہ کے نام کے جانشینی سرٹیفکیٹ کا اعتراض بلاجواز ہے عدالت جملہ حقداران کی موجودگی میں صرف والدہ کے نام جانشینی سرٹیفکیٹ کیسے جاری کر سکتی ہے؟‘ محتسب پنجاب جاوید محمود

اتوار 4 اکتوبر 2015 17:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء) محتسب پنجاب جاوید محمود نے سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کو حکم دیا ہے کہ صنعتی کارکنوں کے لواحقین کو قانونی موشگافیوں میں الجھانے کی بجائے واجبات کی ادائیگی کیلئے سہولیات پیدا کریں اور 2012 سے زیر التوا ملتان کے ایک فیکٹری ورکر کی ڈیتھ گرانٹ کا چیک تین ماہ کے اندر جاری کر کے محتسب پنجاب آفس کو رپورٹ پیش کریں۔

تفصیلات کے مطابق ملتان کی مجراں بیگم نے محتسب پنجاب کو درخواست دی کہ اس کا بیٹا راؤ محمد سجاد کالونی ملز میں سیکورٹی گارڈ تھا جو 2012میں فوت ہوا ۔ اس نے اپنے بیٹے کی ڈیتھ گرانٹ کا کیس ڈسٹرکٹ لیبر افسر ملتان کو بروقت جمع کروایادیا تھا لیکن ابھی تک ڈیتھ گرانٹ کا چیک اسے نہیں ملا۔ محتسب پنجاب نے ممبر انچارج ڈسٹرکٹ ملتان سید بہادر شاہ کو انکوائری کرنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

انکوائری میں پتہ چلا کہ ڈسٹرکٹ لیبر آفس ملتان اور سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے درمیان معمولی اعتراضات پر طویل خط و کتابت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شکایت کنندہ اپنے حق کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہی ہے۔ سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ نے متاثرین سے جانشینی سرٹیفکیٹ مانگا جو عدالت سے حاصل کرنے کے بعد فراہم کر دیا گیا لیکن بورڈ کی طرف سے ایک اور اعتراض لگا دیا گیاکہ جانشینی سرٹیفکیٹ میں بہن بھائیوں کی بجائے صرف والدہ کا نام ہونا چاہیئے۔

محتسب پنجاب نے سیکرٹری بورڈ کے اعتراض کو بلاجواز اور حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدالتیں جانشینی سرٹیفکیٹ ہمیشہ جملہ حقداران کے نام ہی جاری کرتی ہیں۔ محتسب پنجاب نے کہا کہ چونکہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے قواعد کے تحت صرف والدہ ڈیتھ گرانٹ کی حقدار ہے اس لئے جانشینی سرٹیفکیٹ پر دیگر حقداران کے ناموں کی موجودگی بے معنی ہو کر رہ جاتی ہے۔

محتسب پنجاب نے کہا کہ کوئی بھی عدالت جملہ حقداران کی موجودگی میں صرف والدہ کے نام جانشینی سرٹیفکیٹ جاری نہیں کر تی اس لئے سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کو حکم دیا جاتا ہے کہ وہ شکایت کنندہ سے نیا جانشینی سرٹیفکیٹ طلب کرنے کی بجائے مجاز اتھارٹی سے منظوری لیں اور ڈیتھ گرانٹ کا چیک جاری کر کے تین ماہ اندر محتسب پنجاب آفس کو رپورٹ پیش کریں۔

متعلقہ عنوان :