کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی شہادت سے خالی ہونیوالی نشست پی پی 16پر ضمنی انتخاب (کل )ہوگا

حلقے کے معززین نے شجاع خانزادہ کے صاحبزادے کے مد مقابل کھڑے واحد آزاد امیدوار کو دستبردار کرانے کیلئے کاوشیں تیز کردیں

اتوار 4 اکتوبر 2015 17:56

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء)صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی شہادت سے خالی ہونے والی نشست پی پی 16پر ضمنی انتخاب کل ( منگل ) کو ہوگا،حلقے کے معززین نے شجاع خانزادہ کے صاحبزادے جہانگیر خانزادہ کے مد مقابل کھڑے واحد آزاد امیدوار کو دستبردار کرانے کیلئے کاوشیں تیز کردیں۔ الیکشن کمیشن کی طرف جاری کردہ شیڈول کے مطابق صوبائی وزیر داخلہ کرنل(ر) شجاع خانزادہ کی خود کش حملے میں شہادت کے بعد خالی ہونے والی نشست پی پی16پر ضمنی انتخاب کل 6اکتوبر بروز منگل منعقد ہوگا جس کے لئے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔

اس حلقے سے مسلم لیگ (ن) کی طرف سے شجاع خانزادہ شہید کے صاحبزادے جہانگیر خانزادہ کوامیدوارنامزد کیا گیا ہے جبکہ تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کی طرف سے شجاع خانزادہ شہید کی خدمات کے اعتراف میں اپنے امیدوار نہ لانے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم مذکورہ حلقے سے ڈاکٹر نعیم اعوان آزاد امیدوار کے طور پر موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حلقے کے معززین شجاع خانزادہ کے صاحبزادے جہانگیر خانزادہ کے مد مقابل کھڑے آزادامیدوار کو دستبردار کرانے کے لئے اپنے طور پر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان میں مزید تیزی لائی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق مقابلہ ہونے کی صورت میں بھی جہانگیر خانزادہ کی واضح اکثریت سے کامیابی کا قوی امکان ہے ۔