95.346ملین کی لاگت سے تمام کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جارہاہے ‘ اقبال چنڑ

محکمے کومستقبل کا اہم ڈیپارٹمنٹ بنانے میں کوئی کسر اٹھانہیں رکھی جائیگی ،دیگر محکموں کے لیے رول ماڈل بنائیں گے ‘ وزیر کو آپریٹو

اتوار 4 اکتوبر 2015 15:31

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء)صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک محمد اقبال چنٹر نے کہا ہے کہ محکمہ کوآپریٹو کومستقبل کا اہم ڈیپارٹمنٹ بنانے میں کوئی کسر اٹھانہیں رکھی جائے گی اور اسے دیگر محکموں کے لیے رول ماڈل اور ماتھے کا جھومر بنا دیا جائے گا، صوبہ بھر کی تمام کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا لینڈ ریکارڈ مکمل طورپر کمپیوٹرائزڈ کیا جارہاہے جس پر95.346ملین روپے خرچ آئیں گے جبکہ سالانہ ترقیاتی نئی سکیمیں 204.00ملین روپے سے مکمل کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس امر کا اظہار انہوں نے محکمانہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو ٹریننگ کالج فیصل آباد کو 159.00ملین روپے سے اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ زیجنل کوآپریٹو ٹریننگ انسٹیٹیوٹ بہاولپور کو 45.00ملین روپے کی لاگت سے بھی تعمیرو ترقی کا عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی تمام ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا نظام انتہائی صاف شفاف انداز میں جاری ہے ان کوآپریٹوہاؤسنگ سوسائٹیوں میں زندگی سے وابستہ ہر قسم کی سہولیات جدید انداز میں میسر اور لوگوں کا سرمایہ سو فیصد محفوظ ہوتاہے۔