نواز شریف سیدھے سادھے آدمی ہیں ٗوزیر اعظم کی ٹیم وفاق کو کمزور کررہی ہے ٗ خورشید شاہ

بے نظیر قتل کیس میں آصف علی زر داری گواہی نہیں دے سکتے ٗ خواجہ آصف میں ہمت ہے تو کالا باغ ڈیم بنا کر دکھائیں ٗگفتگو

اتوار 4 اکتوبر 2015 15:26

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء) قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف سیدھے سادھے آدمی ہیں ٗوزیر اعظم کی ٹیم وفاق کو کمزور کررہی ہے ٗبے نظیر قتل کیس میں آصف علی زر داری گواہی نہیں دے سکتے ٗ خواجہ آصف میں ہمت ہے تو کالا باغ ڈیم بنا کر دکھائیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو قتل کیس میں آصف زرداری گواہی نہیں دے سکتے جب کہ مارک سیگل کو آصف زرداری نے نہیں خریدا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے قتل کے بارے میں مارک سیگل کے الزامات پرانے ہیں اور پیسے دے کر کام لینا پرویز مشرف کی روایت ہے۔ اگر پیپلز پارٹی پیسے سے گواہ خریدتی تو کروڑ روپے خرچ کرکے 30-40گواہ کھڑے کر دیتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سیدھے سادھے آدمی ہیں اور ان کی ٹیم انہیں غلط مشورے دے رہی ہے جس کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) وفاق کو کمزور کرنے کا سبب بن رہی ہے۔

خورشید شاہ نے کہاکہ میاں نواز شریف نے کسان ریلیف پیکج تقریب میں کسانوں کو نہیں بلکہ اپنے ہی لوگوں کو بٹھایا تھا جبکہ اسحاق ڈار نے تقریر لکھ کر میاں صاحب کے ہاتھ میں دی اور انہوں نے اعلان کردیا۔ کالا باغ ڈیم کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ خواجہ آصف میں ہمت ہے تو وہ کالا باغ ڈیم بنا کر دکھائیں۔